چین سارک کا ”ڈائیلاگ پارٹنر“ بننے کیلئے متحرک‘ بھارت تشویش میں مبتلا: پاکستان‘ بنگلہ دیش‘ مالدیپ‘ سری لنکا حامی ہیں

ادو- مالدیپ (اے ایف پی) مالدیپ کے ایک سرکاری اہلکار کے مطابق چین سارک تنظیم میں اہم ترین کردار ادا کرنا چاہتا ہے اور وہ اس کے لئے سرگرم بھی ہے۔ دوسری جانب تاہم اس بات کا بھی امکان ہے کہ بھارت چین کے اس اقدام کی مزاحمت کرے گا۔ بھارت کو اس پیشرفت پر تشویش لاحق ہو گئی ہے۔ مالدیپ کے حکام کے مطابق اس وقت چین کی حیثیت امریکہ جاپان اور یورپی یونین کی طرح مبصر ملک کی سی ہے اور وہ ”ہائی پروفائل“ میں جا کر مبصر ملک کی بجائے اس تنظیم کا ”ڈائیلاگ پارٹنر“ بننا چاہتا ہے۔ چین یہ ساری کوششیں جنوبی ایشیا کے بہت سے ممالک میں چین کے سٹرٹیجک مفادات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سفارتی ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ چین کی موجودہ حیثیت کو بڑھانے کے لئے پاکستان‘ بنگلہ دیش‘ مالدیپ اور سری لنکا دلچسپی رکھتے ہیں۔ یہ چاروں ممالک چین کی ان پس پردہ کوششوں کی حمائت کر رہے ہیں تاہم بھارت اسے تشویش کی نظر سے دیکھتا ہے۔ چین سارک کے بہت سے ممالک کی اقتصادیات میں سرمایہ کاری کر رہا ہے اس لئے وہ اپنی موجودہ مبصر حیثیت پر ناخوش ہے اور وہ زیادہ متحرک کردار ادا کرتے ہوئے ڈائیلاگ پارٹنر بننا چاہتا ہے۔ چین نے جنوبی ایشیا کے کئی ممالک کو امداد اور انفراسٹرکچر کے لئے نرم قرضوں کی صورت میں ان کے ساتھ اچھے تعلقات بنائے ہیں اور بھارت اس ساری صورتحال کو بڑی بے چینی سے دیکھ رہا ہے اور امکان یہی ہے کہ وہ اس کی مزاحمت کرے گا۔

ای پیپر دی نیشن