حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) سمجھوتہ ایکسپریس دھماکہ میں لاپتہ ہونے والے پاکستانی شہری رانا عبدالوکیل کی قبر ملنے کی خبرکو اس کی بیٹی نے جھوٹ قراردے دیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی اخبار ”ٹائمزآف انڈیا“ نے دعویٰ کیا تھا کہ مہرانا قبرستان کی قبر نمبر 38 پاکستانی شہر حافظ آباد کی راحیلہ کے والد رانا عبدالوکیل کی ہے۔ راحیلہ کا ڈی این اے ٹیسٹ اس سے ملتا ہے۔ جس پر راحیلہ نے بھارتی میڈیا کی جانب سے اُن کے والد کی وفات کی خبروں کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کے والد زندہ ہیں اور بھارتی جیل میں قید ہےں۔ اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے راحیلہ وکیل نے کہا کہ چار سال قبل میں نے اپنے چچا اور بھائی سمیت بھارت جاکر ڈی این اے ٹیسٹ دیئے تھے جو اُس وقت نیگیٹیو قرار دیئے گئے تھے لیکن آج چار سال بعد کیسے پازیٹو ہوگئے جبکہ پاکستانی وزارت داخلہ کی جانب سے اُنہیں ایک خط موصول ہوا تھا جس میں اُن کے والد رانا وکیل سمیت 7 پاکستانیوں کے بارے میں کہا گیا تھا کہ وہ بھارتی جیل میں قید ہیں اور حکومت رہائی کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ پھر ہماری درخواست پر بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے ہمیں بھارت بلوایا لیکن بھارتی حکومت ایک سال سے اُنہیں ویزے جاری نہیں کررہی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اُن کے والد کی بھارتی قید سے رہائی کیلئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں ۔