لاہور (این این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے آئندہ انتخابات میں دھاندلی نہ ہوئی تو تحریک انصاف بہتر پوزیشن حاصل کریگی‘ عوام کی خاموشی انتہائی خطرناک پیغام دے رہی ہے، ووٹ کی طاقت سے حکمرانوں سے اگلا پچھلا حساب برابر کر یں گے ‘ اپنی جماعت کو تحریک انصاف میں ضم نہیں کیا بلکہ انتخابات میں ایک دوسرے کو سپورٹ کریں گے ۔ ایک انٹر ویو میں شیخ رشید احمد نے کہا موجودہ حکمرانوں نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، ساڑھے چار سالوں میں ملک اورعوام کا سوچنے کی بجائے صرف اپنے بارے میں سوچا گیا ہے جس سے ملک اس نہج پر پہنچ چکا ہے جہاں سے واپس آنا حکمرانوں کی روانگی سے مشروط ہے۔ تحریک انصاف ایک بڑی قوت بن کر ابھری ہے اگر آئندہ انتخابات میں دھاندلی نہ ہوئی تو یہ جماعت بہتر پوزیشن حاصل کرے گی۔