قصور (نامہ نگار) ڈی سی او قصور محمد احسن وحید کی زیر صدارت محرم الحرام کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز بلڈنگ ریسٹ ہاﺅس قصور میں منعقد ہوا۔ جس میں ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کے ممبران، مختلف مکاتب فکر کے علماءو اکابرین، معززین اور ڈسٹرکٹ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران تمام مکاتب فکر کے علماءنے اپنی اپنی آراءکا اظہار کیا، سکیورٹی اور دیگر مسائل پر بات کی اور محرم الحرام کے دنوں میں مثالی امن، بھائی چارے اور اخوت کی روایت کو برقرار رکھنے کا عزم کیا۔ ڈی سی او نے کہا کہ اہل قصور نے ہمیشہ امن عامہ کو ہر موقعہ پر برقرار رکھتے ہوئے یگانگت و بھائی چارے کا مظاہرہ کیا ہے اور آئندہ بھی ان سے یہی امید ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ محرم الحرام کے دنوں میں وقت کی پابندی اور روٹ کی پابندی کا خصوصی خیال رکھا جائے اور کوشش کی جائے کہ روٹ اور وقت کے بارے میں کئے گئے فیصلوں پر سختی سے عمل کیا جائے۔