بہار کے وزیراعلی کی ذوالفقار بھٹو، بینظیر کی قبروں پر حاضری

Nov 12, 2012

لاڑکانہ (آئی این پی+نوائے وقت نیوز) بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں بھارتی وفد نے گڑھی خدا بخش میں پیپلز پارٹی کے شہید قائدین بے نظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کی قبروں پر حاضری دی اور پھول چڑھائے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے بھارتی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ وفد کے ہمراہ گڑھی خدا بخش کے دورہ کے دوران پیپلز پارٹی کے شہید قائدین کی قبروں پر گئے اور پھول چڑھائے۔ اس موقع پر بہار کے وزیر اعلیٰ نے گڑھی خدا بخش میں مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو خاندان کی جمہوریت کیلئے قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کھلے دل سے استقبال کرنے پر حکومت پاکستان اور سندھ کی صوبائی حکومت کا مشکور ہوں۔ دریں اثناءنتیش کمار نے وفد کے ہمراہ موہنجوداڑو کا دورہ کیا اور نوادرات میں گہری دلچسپی لی۔ مزید برآں وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ کی جانب سے بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلی نتیش کمار کی سربراہی میں آنے والے وفد کے اعزاز میں کراچی کے تاریخی مہاتا پیلس میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ عشائیہ کی تقریب میں سندھ کے نامور الغوزہ نواز اکبر خان خیمسو نے سندھی موسیقی جبکہ لوک فنکارہ تاج مستانی اور صوفی راگی جمال الدین فقیر نے شاہ عبدالطیف بھٹائی اور سچل سرمست کے صوفیانہ کلام پیش کئے۔

مزیدخبریں