نوازشریف نے ’’اپنا گھر‘‘ ’’یوتھ بزنس قرضہ‘‘ سکیم کی منظوری دیدی

Nov 12, 2013

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کم لاگت سے تیار شدہ مکانات کم آمدنی کے افراد کو فراہم کرنے کیلئے ’’اپنا گھر سکیم‘‘ اور نوجوانوں کو بلا سود قرضے دینے کیلئے ’’یوتھ بزنس قرضہ سکیم‘‘ کی منظوری دیدی۔ اس سلسلے میں دو الگ الگ اجلاس منعقد ہوئے۔ وزیراعظم نے کم لاگت کے گھروں کی تعمیر کیلئے وزارت ہاؤسنگ کے تحت ایک کمپنی قائم کرنے کی منظوری دی ہے۔ وزیراعظم نے کہا اس سکیم کے تحت کم آمدن کے حامل کو آسان اقساط پر گھر فراہم کئے جائیں گے جبکہ  اس سکیم کے تحت بیواؤں کیلئے الگ سکیم شروع کی جائیگی۔ وزیراعظم نے ’’یوتھ بزنس لون سکیم‘‘ کی منظوری بھی دیدی۔ اس کے تحت ایک لاکھ روپے کا قرضہ بلا سود اور اڑھائی لاکھ روپے کا قرضہ چھوٹے کاروبار کیلئے دیا جائیگا۔ قرضہ سکیم کے حوالے سے 45سال کی عمر کے افراد اہل ہوں گے۔ 50فیصد حصہ خواتین کیلئے مختص کیا گیا ہے۔ نیشنل بینک اور فسٹ وویمن بینک ابتدائی طور پر قرضے جاری کریں گے۔

مزیدخبریں