حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) حافظ آباد کے نواحی گائوں جگانوالہ میں مقدمہ کی رنجش پر بااثر چودھریوں نے 18 سالہ نوجوان پر کتے چھوڑ دیئے، ملزمان نے خواتین کو بھی تشد کا نشانہ بنایا جس سے انکے سر پھٹ گئے، نوجوان کو شدید زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ جگانوالہ میں چند ماہ قبل پانچویں جماعت کے طالبعلم کو تاوان کیلئے اغوا کیا، اغوا کار ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا اور اس مقدمہ میں محمد آصف گواہ بھی تھا جبکہ چودھریوں عبدالجبار اور عابد وغیرہ اس مقدمہ میں نامزد ملزم تھے۔ چودھریوں نے اسی مقدمہ کی رنجش پر مقدمہ کے گواہ کے 18 سالہ بیٹے قاسم کو بہانے سے اپنے ڈیرہ پر بلوایا اور اس پر تشدد کرتے ہوئے اس پر کتے چھوڑ دئیے۔ پولیس تھانہ صدر نے ملزمان کیخلاف زیردفعہ 324 کے تحت اقدام قتل کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔