پشاور (نوائے وقت نیوز+آن لائن) حکومت چلی بھی جائے لیکن 20نومبر کو ہر صورت نیٹو سپلائی بند کریں گے، حکومت چلی بھی جائے تو کوئی پرواہ نہیں عوام سے پھر سے ووٹ لے کر برسراقتدار آ جائیں گے مگر عوام سے کئے گئے وعدوں سے منہ نہیں پھیریں گے ‘ نیٹو سپلائی بندش کے دوران ہمارے ساتھ قومی وطن پارٹی اور جماعت اسلامی ہمارا بھر پور ساتھ دے گی ہم نے اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لے لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت شوکت یوسف زئی نے گزشتہ روز پشاور پریس کلب میں صحافیوں میں ایوارڈ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے دورہ امریکہ سے پہلے بہت دعوے کئے مگر انہوں نے وہاں پاکستان کی نمائندگی نہیں کی اور نہ ہی ڈرون حملوں کی بندش کے حوالے سے پاکستانی عوام کیلئے آواز اٹھائی جس سے پاکستانی عوام میں شدید مایوسی پائی گئی۔ انہوں نے کہا وفاقی حکومت نے ڈرون حملوں کے خلاف متفقہ قرارداد پاس کی مگر امریکہ نے پھر ڈرون حملہ کرکے پاکستانی پارلیمنٹ کے فیصلے کی دھجیاں اڑا دیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف واحد سیاسی پارٹی ہے جس میں انٹرا پارٹی الیکشن ہوا ہے سب ارکان کو میرٹ پر عہدے دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی وزیر پر کرپشن ثابت ہو جائے تو اسے خود ہی مستعفی ہو جانا چاہئے۔
چاہے حکومت چلی جائے، نیٹوسپلائی 20 نومبر کو بند کرکے دکھائیں گے: وزیر صحت خیبرپی کے
Nov 12, 2013