نئی دہلی (ثناء نیوز)دنیا بھر میں بھارت ارب پتیوں کے معاملے میں چھٹے نمبر پر آگیا ہے۔ یہاں ،فرانس، سعودی عرب، سوئٹزرلینڈ اور ہانگ کانگ سے زیادہ ارب پتی رہتے ہیں۔ بھارت کے بڑے تجارتی شہر ممبئی میں ہی 30 ارب پتی ہیں۔ ممبئی ارب پتیوں کے شہر کی فہرست میں عالمی پیمانے پر پہلے پانچ شہروں میں ہے۔ اس فہرست میں نیویارک اعلی مقام پر ہے جہاں 96 ارب پتی ہیں۔دنیا کے پانچ شہروں میں امریکہ کے بعد ہانگ کانگ ، ماسکو اور لندن میں بالترتیب 75، 74 اور 67 ارب پتی رہتے ہیں۔ بھارت میں جولائی 2012 سے جون 2013 کے درمیان ارب پتیوں کی تعداد کم ہوئی ہے لیکن 103 ارب پتیوں کے ساتھ ان ممالک کی فہرست میں چھٹے نمبر پر ہے۔اس فہرست میں سب سے اوپر امریکہ ہے جہاں 515 ارب پتی رہتے ہیں اور یہ تعداد چین کے 157 ارب پتیوں کے مقابلے تین گناہے۔ویلتھ ایکس اور یو بی ایس ارب پتی کی مردم شماری کی رپورٹ 2013 کے مطابق بھارت کے ارب پتیوں کی تعداد 5.5 فیصد کم ہوکر 103 رہ گئی اور ارب پتیوں کی کل دولت 10 ارب ڈالر کم ہوکر 180 ارب ڈالر رہ گئی۔عالمی سطح پر 2013 میں2.170 ارب پتی ہیں جن کی خالص اثاثہ6.500 ارب ڈالر کے برابر ہے۔ بھارتی دولتمندوں میں ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی کی بادشاہت برقرار ہے۔