لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کا تیسرا مرحلہ مکمل ہو گیا جس میں لاہور شالیمار کی ٹیم نے کامیابی جبکہ تین میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ایل سی سی اے گراونڈ لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں لاہور شالیمار کی ٹیم نے ملتان ریجن کے خلاف 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ میچ کے چوتھے روز ملتان کی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز 223 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی اور ٹوٹل میں مزید 65 رنز کا اضافے کے بعد 288 پر آؤٹ ہو گئی۔ جواب میں لاہور شالیمار کو جیت کے لئے 76 رنز کا ہدف ملا جو اس نے دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے میچ 8 وکٹوں سے جیت لیا۔ دیگر سنٹرز میں کھیلے جانے والے میچز میں ایبٹ آباد اور سیالکوٹ ریجن کے درمیان میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا۔ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں راولپنڈی اور پشاور ریجن کے درمیان کھیلا جانے والا میچ بھی بے نتیجہ رہا۔ ڈائمنڈ کلب گراونڈ اسلام آباد میں اسلام آباد اور حیدر آباد ریجن کے درمیان میچ کا کوئی رزلٹ نہ نکل سکا۔