قومی ڈیف کرکٹ چیمپئن شپ یکم دسمبر سے لاہور میں شروع ہوگی

Nov 12, 2013

لاہور(اے پی پی) قومی ڈیف کرکٹ چیمپئن شپ کو پاکستان کرکٹ بورڈ اسپانسر کرے گا جو یکم دسمبر سے لاہور کی مختلف گرائونڈز میں شروع ہو گی۔پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کے مینجر ظہیر الدین بابر نے بتایا کہ پی سی بی کی طرف سے چیمپئن شپ کے انعقاد کیلئے مالی امداد فراہم کی جائے گی ۔جس پر ہم پی سی بی کے عبوری چیئر مین نجم سیٹھی کے مشکور ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی پی سی بی نے ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کو مالی امداد فراہم کی تھی جس کی وجہ سے ہم نے لاہور میں رواں سال کے شروع میں ڈیف ایشیا کپ منعقد کروایا تھا ۔انہوں نے کہا کہ ڈیف کرکٹ کی تاریخ میں پہلی دفعہ پاکستان میں ملک بھر سے 32ٹیمیں چیمپئن شپ میں شرکت کررہی ہیں ۔چیمپئن شپ میں اسلا م آباد کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی تاہم اس دفعہ دیگر ٹیمیں بھی مکمل تیاری کے ساتھ آئی ہیں اور اسلام آباد کی ٹیم کو مضبوط چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ٹورنامنٹ میں ہر روز 16میچز کھیلے جائیں گے ۔ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیمیں جو کہ 8گروپوں پر مشتمل ہیں کو اپنے گروپ میں لیگ کی بنیا د پر تین میچز کھیلنا پڑیں گے ۔گروپ اے میں لاہور ،ملتان ،خیر پور ،حافظ آبادگروپ بی میں مظفر گڑھ ،گوجرانوالہ ،رحیم یار خان ،جہلم ،گروپ سی میں سیالکوٹ ،اوکاڑہ، نارووال ،سرگودھا ،گروپ ڈی میں بہاولپور ،جیکب آباد ،دادو ،سکھر ۔گروپ ای میں راولپنڈی ،کوئٹہ ،شکار پور ،فیصل آباد ۔گروپ ایف میں گجرات ،پشاور ،لاڑکانہ ،ساہیوال ۔گروپ سی میں اسلام آباد ،ہر ی پور ،حیدر آباد ،خانیوال ،گروپ ایچ میں کراچی ،شیخوپورہ ،ڈیرہ اسمائیل خان اور کوہاٹ شامل ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہم ڈیف کرکٹ کی پاکستان میں ترقی کے لئے بھرپور کوشش کررہے ہیں اور چیمپئن شپ میں ریکارڈ ٹیموں کی شرکت ہمارے اس موقف کی مضبوطی سے تائید کرتی ہے کہ ڈیف کرکٹ ملک میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔انہوں نے کہاکہ گیم ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ڈیف کرکٹر ز کو کرکٹ کے مقابلوں کی سرگرمیوں میں مشغول کررہے ہیں اور اس طرح کی کوششوں سے ہم سماعت سے محروم کرکٹرز کے لئے کرکٹ کے کھیل کی بنیاد کو وسیع کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں