لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے قائم مقام چیئرمین نجم سیٹھی ابوظہبی سے وطن واپس پہنچ گئے۔ پی سی بی کے نگران چیئرمین نجم سیٹھی نے لاہور پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقہ کیخلاف چوتھے ون ڈے میں کچھ فیصلے غلط ہونے سے سیریز کا پانسہ پلٹ گیا۔ ایک روزہ میچوں میں آخری وقت تک دونوں ٹیمیں کشمکش کاشکار رہیں۔ میچ کے دوران ٹیم منیجمنٹ سے کچھ غلط فیصلے ہوئے، مگر ہارجیت کھیل کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کوچز کے بارے میں پالیسی بنانی پڑے گی لیکن واٹمور نے بہت اچھا کام کیا ہے، ٹیم بھی کمزور تھی اس میں کوچ کا کوئی قصور نہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ غیرملکی کوچز کے مستقبل کا فیصلہ کر دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماحول ایسا بنا ہوا ہے جہاں بھی جاتے ہیں یہی سوال پوچھا جاتا ہے کہ ہمارے اپنے کوچز کیوں نہیں ہیں تو ان ساری چیزوں پر غورکررہے ہیں کہ کیا کرنا ہے کیا نہیں کرنا۔ جلد ہی ہم فیصلہ کرلیںگے کہ واٹمورکو رکھنا ہے یا الوداع کرنا ہے۔ ٹیم کی پرفارمنس بڑھانے کے حوالہ سے ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو انگلش لیگ میں کھیلنے کے لئے این او سی جاری کئے جائیں گے تاکہ انکا اعتماد بحال ہوسکے۔ پی سی بی کے انتخابات کے بارے میں نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ الیکشن کے حوالہ سے کیس ابھی عدالت میں ہے پتہ نہیں کب تک اور کہاں تک جائیگا لیکن الیکشن تو ہونگے لیکن سوال یہ ہے کہ کیسے ہونگے؟ آئین کے مطابق ہونگے یا عدالت کے حکم کے مطابق ہونگے۔