شارجہ (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان جنوبی افریقہ کے ہاتھوں پانچواں ایک روزہ میچ ہار گیا۔ جنوبی افریقہ نے سیریز 4-1 سے جیت لی۔ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئیپاکستان کے آگے رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔ جنوبی افریقہ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے۔ جسے عبور کرنا پاکستان کے مسلسل ناکام ہونے والے بیٹسمینوں کیلئے ناممکن تھا اور یہی ہوا۔ پاکستان کی پوری ٹیم 151 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ جنوبی افریقہ کے کپتان ڈویلیئر نے 115 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ انہیں آخری اوور میں سنچری بنانے کے لئے صرف 3 رنز درکار تھے۔ سہیل تنویر نے آخر یاوور میں کھلے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 27 رنز دے ڈالے۔ جنوبی افریقہ کے ڈویلپی نے 46 رنز اور ڈی کاک نے 34 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے سعید اجمل 3 جبکہ جنید خان نے 2 کھلاڑیوںکوآئوٹ کیا۔ پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو صرف 17 رنز پر اس کے 3 کھلاڑی نہایت اطمینان کے ساتھ اپنی وکٹیں گنوا کر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کے صرف صہیب مقصود 53 اور عمر اکمل 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ مصباح 18 رنز بناسکے۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے پارنیل نے 3، ڈومنی نے 2 اور فلینڈر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ دریں اثناء پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ نے آئوٹ کلاس کردیا بیٹسمینوں نے تمام سیریز میں مایوس کیا۔ موجودہ بیٹنگ سے جتنا مشکل ہے۔ بیٹنگ کی کمزوریوں کو جلد دور کرنا ہوگا۔ نجی ٹی وی کے مطاب اے بی ڈی ویلیئرز مین آف دی میچ جبکہ وائن میکلارن مین آف دی سیریز قرار پائے۔ جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا کہ ٹیم کی شاندار کارکردگی پر بہت خوش ہوں پاکستان بائولرز نے میچ کے آغاز میں اچھی بائولنگ کی تھی۔