لاہور(سپورٹس رپورٹر) سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ کے درمیان کھلاڑیوں کے ناموں پر اتفاق نہ ہونے کی بناء پر دورہ جنوبی افریقہ کے لئے پاکستان ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان ایک روز تاخیر کا شکار ہو گیا۔ گذشتہ روز پاکستان ٹیم کا اعلان ہونا تھا اس سلسلہ میں سلیکشن کمیٹی نے نگران چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی سے ملاقات ہوئی۔ تاہم نگران چیئرمین پی سی بی کی ہدایت پر سلیکشن کمیٹی نے ٹیم مینجمنٹ سے رابطہ کیا۔ ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کے درمیان بعض ناموں پر اتفاق نہ ہو سکا۔ سلیکشن کمیٹی نے حتمی فہرست مرتب کرنے سے قبل پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری ون ڈے سیریز کے آخری میچ کے رزلٹ کا انتظار کرنے پر اکتفا کیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے بتایا کہ دورہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیم کا اعلان آج بروز منگل کیا جائے گا۔
ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی میں عدم اتفاق، جنوبی افریقہ کیلئے ٹیم کا اعلان مؤخر
Nov 12, 2013