لاہور (کامرس رپورٹر) آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن کے نائب صدر اور کائٹ فلائنگ فیسٹیول کے بانی خواجہ ندیم سعید وائیں نے سبزہ زار کے علاقے میں پتنگ کی ڈور سے اڑھائی سالہ بچی نور فاطمہ کی ہلاکت کے سانحہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے چھتوں سے خونی پتنگ بازی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کو ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں ڈور پھرنے کی وجہ سے معصوم بچی کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے خواجہ ندیم سعید وائیں نے کہا کہ حکومت پنجاب اور ایسوسی ایشن کی جانب سے بارہا وارننگ کے باوجود شرپسند عناصر چھتوں پر خونی پتنگ بازی کرکے معصوم لوگوں کی ہلاکتوں کا باعث بن رہے ہیں جس پر وہ کسی رحم کے مستحق نہیں ہیں۔ ایسے سانحات کو روکنے کے لیے ٹھوس اور جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے لہذا وزیراعلیٰ پنجاب تمام سٹیک ہولڈرز کا ایک اجلاس طلب کریں تاکہ انتہائی قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکنے کے لیے لائحہ عمل طے کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی پر سخت پابندی کے باوجود انتہائی قیمتی معصوم انسانی کا ضیاع اس بات کا ثبوت ہے کہ صرف پتنگ بازی پر پابندی لگا دینا مسئلے کا حل نہیں ہے لہذا اس مسئلے کا کوئی ٹھوس حل تلاش کرنا ہوگا۔ خواجہ ندیم سعید وائیں نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے اپیل کی کہ وہ عوام کے وسیع تر مفاد میں کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کے نمائندوں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کا اجلاس طلب کریں تاکہ اس معاملے پر قابو پانے کے لیے تجاویز پیش کیں اور اُن پر عمل درآمد کیا جاسکے۔