لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش اندرونی وبیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔ عمران خان سیاست میں تلخی گھولنے کی بجائے اعتدال کی راہ اختیار کریں۔ جوڈیشل کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے بیانات دینے سے پہلے کاش عمران خان اپنے پہلے دیئے گئے بیا نات کو پڑھ لیتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ’’نوائے وقت‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب جاری ہے اور وزیرستان کے لاکھوں بے گھر ہونے والے حکومتوں اور عوام سے تعاون کے خواہاں ہیں۔ دہشت گردی کی جنگ جیتنے کیلئے قوم میں اتحاد واتفاق ضروری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے سابق چیف جسٹس صدیق جسٹس جیلانی کے بارے میں اچھ ے ریمارکس نہیں دیئے حالانکہ جب وہ چیف جسٹس تھے تو عمران خان نے کہا تھا کہ جسٹس تصدق حسین جیلانی بہترین جج ہیں اور ان جیسے افراد ملک میں کم ہیں اب ان کی مخالفت کرنا ڈبل سٹینڈرڈ والی بات ہے۔ انہوں نے کہا عمران خان کئی مرتبہ حکومت ختم کرنے کے دعوے کر چکے ہیں جو غلط ثابت ہوئے اب 30 نومبر بھی گزر جائے گا۔