سیلاب متاثرین اور آئی ڈی پیز کی بحالی کے لئے اڑھائی ارب طلب: کئی ملک اور ادارے پاکستان کو70 کروڑ ڈالر دینے پر تیار

Nov 12, 2014

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ بی بی سی) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ڈونرز کانفرنس منعقد ہوئی وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق ڈونرز نے 70 کروڑ ڈالر کے وعدے کئے ہیں۔ یہ رقم آئی ڈی پیز اور سیلاب متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو پر خرچ ہو گی۔ وزیر خزانہ نے امداد دینے پر ڈونرز کا شکریہ ادا کیا۔ رقم عالمی، ایشیائی بنک، یورپی یونین، ڈی ایف آئی ڈی فراہم کرے گا۔ امداد کا وعدہ کرنے والوں میں جاپان، اٹلی اور دیگر ممالک شامل ہی۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے کہا کہ متاثرین کی بحالی کی سرگرمیوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ مالی امداد کے استعمال کی مانیٹرنگ کا مؤثر طریقہ وضع کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ کانفرنس میں حکومت نے آپریشن ضرب عضب اور آئی ڈی پیز کی بحالی کے لئے ڈیڑھ ارب ڈالر طلب کئے تھے جبکہ سیلاب متاثرین اور مستقبل میں سیلاب کی روک تھام کیلئے ایک ارب ڈالر کی اپیل کی گئی تھی۔ اجلاس میں اقتصادی امور ڈویژن اور این ڈی ایم اے کے حکام نے کانفرنس کے شرکاء کو سیلاب متاثرین اور شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والوں کی مالیاتی ضروریات پوری کرنے کیلئے مطلوبہ فنڈز کے حوالے سے بریفنگ دی۔ امداد کا اعلان کرنیوالوں میں جاپان، اٹلی اور دیگر ممالک بھی شامل ہیں۔ یہ رقم متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو پر خرچ ہوگی، مانیٹرنگ کیلئے ایک کمیٹی بھی بنائی جائیگی۔ علاوہ ازیں وزیر خزانہ کی زیر صدارت ایک اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ 15 مارچ 2015ء تک ایل این جی کی درآمد شروع کر دی جائے گی اور ایل این جی پاور پلانٹس کو فراہم کی جائے گی۔ ایل این جی پاور پلانٹس کو فراہم کرنے سے بجلی کی پیداواری لاگت کم ہو گی۔ ٹیکسٹائل انڈسٹری کو درپیش توانائی بحران کا مستقل حل نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اجلاس میں وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف، شاہد خاقان عباسی، خرم دستگیر اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

مزیدخبریں