سی این جی، صنعتوں کو بندش پر بھی گھریلو صارفین کو سردی میں پوری گیس نہیں ملے گی: عارف حمید

لاہور (کامرس رپورٹر) سوئی ناردرن کے ایم ڈی عارف حمید نے سردیوں میں صنعتوں کو گیس کی فراہمی کیلئے آپٹما کے مطالبے پر واضح کیا ہے کہ اس سال سردی کا موسم مشکل ترین ہو گا۔ سی این جی سیکٹر اور صنعتوں کی گیس بند کر کے بھی گھریلو صارفین کو پوری گیس نہیں مل سکے گی۔ اپٹما کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو میں عارف حمید نے کہا کہ اس سال شدید سردی میں گیس کی قلت ایک ارب 60 کروڑ مکعب فٹ تک پہنچ جائے گی۔ گھروں پر بھی گیس کا بلاجواز استعمال روکنے کیلئے اقدامات کرینگے۔ گھریلو صارفین کیلئے 90 مکعب فٹ گیس مل سکے گی۔ زیادہ کھپت والے گھروں پر بڑے میٹر لگائے جا رہے ہیں۔ امید ہے کہ فروری میں ایل این جی کی درآمد شروع ہو جائیگی اور ابتدا میں مائع قدرتی گیس کا کا استعمال پاور پلانٹس میں ہو گا۔ نئی پائپ لائنوں کی تنصیب کے اخراجات پورے کرنے کے لئے اوگرا گیس کے نرخوں میں اضافہ کر سکتی ہے۔ اپٹما کے چیئرمین ایس ایم تنویر نے کہا کہ گیس بند ہونے سے برآمدات پر منفی اثر ہو گا۔ ٹیکسٹائل کی مجموعی برآمدات میں 25 ارب ڈالر کی کمی آ سکتی ہے۔ ٹیکسٹائل انڈسٹری تباہ ہو جائیگی اور 10 لاکھ لیبر بے روزگار ہو جائیگی۔ آئندہ ہفتے وزیراعظم سے ملاقات میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کو گیس کی فراہمی کیلئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کرینگے۔

ای پیپر دی نیشن