اسلام آباد (آئی این پی+ آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج تمام اندرونی اور بیرونی خطرات اور سازشوں کے مقابلے اور وطن عزیز کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے‘ ملک کے دفاع اور قومی سلامتی کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانے میں آئی ایس آئی کا اہم کردار ہے‘ پوری قوم کو اپنے اس ادارے پر فخر ہے۔ وہ آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کے دورہ کے دوران نئے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر کی طرف سے دی گئی بریفنگ کے موقع پر بات چیت کر رہے تھے۔ آرمی چیف کا حالیہ چند ماہ میں آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ آرمی چیف نے لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر کو ڈی جی آئی ایس آئی کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے انہیں ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے آرمی چیف کو یقین دلایا کہ یہ اہم ترین ذمہ داری سونپ کر جس اعتما دکا اظہار کیا گیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف کو اندرونی و بیرونی ملکی صورتحال خاص طو رپر خیبر پی کے اور بلوچستان میں جاری دہشت گردانہ کارروائیوں‘ پاکستان میں فرقہ واریت اور دہشت گردی کو فروغ دینے کیلئے سرگرم عمل بعض غیر ملکی قوتوں کی سرگرمیوں‘ آپریشن ضرب ِعضب‘ خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈی جی آئی ایس آئی نے آرمی چیف کو بتایاکہ ان کی دورہ افغان میں صدر محمد اشرف غنی ،چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ اور فوجی و انٹیلی جنس حکام سے ملاقاتیں مثبت رہیں۔ ذرائع کے مطابق بریفنگ کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کیلئے انٹیلی جنس اداروں کے درمیان رابطوں کو مزید بڑھایا جائیگا‘ بلوچستان اور خیبر پی کے میں سرگرم عمل غیر ملکی قوتوں کی سرگرمیوں سے سختی سے نمٹا جائیگا۔ قبل ازیں آئی ایس پی آر کے مطابق آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز آمد پر لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔