خیرپور + اسلام آباد (ایجنسیاں) خیرپور کے قریب ٹھیڑی بائی پاس کے مقام پر سوات سے کراچی جانے والی مسافر بس اور کوئلے سے بھرے ٹرک میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 58 افراد جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں 19 بچے، 18 خواتین بھی شامل ہیں۔ امدادی ٹیموں نے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو سول ہسپتال منتقل کیا۔ 10 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ حادثہ منگل کی صبح 6 بجے پیش آیا۔ ٹھیڑی بائی پاس کے قریب مسافر بس پٹرول پمپ سے تیل ڈلوانے کے بعد جیسے ہی سڑک پر آئی تو سامنے سے آنیوالے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے بعد خیرپور ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر کے تمام ڈاکٹرز کو فوری طور پر طلب کر لیا گیا۔ ایم ایس سول ہسپتال خیرپور نے کہا کہ حادثے کے نتیجے میں 58 نعشیں اور 15 زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا۔ جبکہ شدید زخمیوں کو لاڑکانہ اور کراچی منتقل کر دیا گیا۔ ریسکیو ذرائع نے کہا کہ مسافر کوچ سوات سے کراچی جا رہی تھی کہ تیز رفتاری کے باعث کراچی سے آنے والے کوئلے سے بھرے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں بس کا ڈرائیور وحید بھی جاں بحق ہو گیا جبکہ ٹرک کے ڈرائیور علی احمد کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ حادثے کے بعد بس میں آگ لگ گئی جب کہ سڑک پر کوئلہ پھیل گیا۔ بس کو شدید نقصان پہنچا اور امدادی کارکنوں نے ڈھانچے کو کاٹ کر نعشوں اور زخمیوں کو نکالا۔ ذرائع کے مطابق زیادہ ہلاکتیں بس میں آگ لگنے سے ہوئیں۔ صدر ممنون حسین، وزیراعظم، شہباز شریف، الطاف حسین، وزیراعلیٰ سندھ، وزیراعلی خیبر پی کے، عمران خان، سراج الحق، حافظ سعید اور دیگر نے المناک سانحے پر نہایت دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ گورنر سندھ نے کمشنر سکھر کو فوری تحقیقات کرنے کی ہدایت جاری کی۔ ڈی آئی جی موٹر وے سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا ہے کہ سندھ میں سڑکوں کی صورت حال خراب ہے۔ اسی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ خراب سڑک کے باعث بس بے قابو ہوئی، ڈرائیور نے بچانے کوشش کی تاہم ناکام رہا۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 47 افراد کا تعلق سوات سے ہے ایک ہی خاندان کے 7 افراد بھی لقمہ اجل بن گئے۔ خیرپور کے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی عدم موجودگی اور سہولتوں کے فقدان کی وجہ سے 5 زخمیوں کو سکھر‘ 3 کو لاڑکانہ منتقل کیا گیا‘ دوسری جانب سوات میں حادثے کی اطلاع ملنے پر جاں بحق افراد کے خاندانوں میں صف ماتم بچھ گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 46 افراد کی میتیں سی ون 30 کے ذریعے رسالپور منتقل کر دی گئی ہیں۔
خیرپور: بس ٹرک سے ٹکرا گئی‘ 58 جاں بحق‘ اکثر زندہ جل گئے
Nov 12, 2014