کینبرا + سڈنی (اے پی پی+ نیٹ نیوز) برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس آسٹریلیا کے 6روزہ دورہ پرکینبرا پہنچ گئے،ان کی آمد کے موقع پر سینکڑوں آسٹریلوی باشندوں نے موسلادھار بارش کے باوجود انکا شاندار استقبال کیا۔شہزادہ چارلس اپنی اہلیہ ڈچز آف کورن ویل لیڈی کمیلا پارکر کے ہمراہ آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا پہنچے۔ دوسری طرف دورے کے دوران ایک موقع پر کمیلا پارکر نے اپنے شوہر شہزادہ چارلس پر چھری تان لی۔ برطانوی شاہی جوڑے کے ساتھ یہ دلچسپ واقعہ دورہ آسٹریلیا کے دوران بروسا ویلی میں ایک کٹلری کی نمائش میں پیش آیا جہاں ایک سٹال پر کمیلا پارکر اپنے شوہر شہزادہ چارلس کے ساتھ تیز خنجروں اور چھریوں کا معائنہ کر رہی تھیں کہ اچانک انکی حس مزاح جاگ اٹھی۔ انہوں نے شاہی اصول ایک طرف رکھے اور ایک تیز دھار چھری اپنے شوہر پرتان دی، بیوی کے اس اچانک حملے سے شہزادہ چارلس گھبرا گئے اور خوف کے اثرات انکے چہرے پر صاف دکھائی دینے لگے۔