ممبئی (نیٹ نیوز) بھارت میں بڑھتی انتہا پسندی اور عدم رواداری کیخلاف بیان دینے پر مودی حکومت سپرسٹار شاہ رخ خان کے پیچھے پڑگئی۔ بھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے حکام نے آئی پی ایل میں ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈر کے حصص میں مبینہ طور پر خوردبرد کے الزامات پر گزشتہ روز ممبئی میں اداکار شاہ رخ خان سے 3 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان کے ساتھ ٹیم کے مشترکہ مالک اور اداکارہ جوہی چاولہ کے شوہر جے مہتا بھی ساتھ تھے۔ اس سے قبل دو دفعہ شاہ رخ سے اسی حوالے سے پوچھ گچھ کی جاچکی ہے جبکہ مہتا اپنا بیان بھی ریکارڈ کرا چکے ہیں۔ شاہ رخ خان پر بھارتی حکومت کا الزام ہے کہ انہوں نے 2008ء میں جوہی چاولہ کے خاوند مہتا کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے حصص سستے داموں فروخ کئے۔ بھارتی حکومت کا انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ معاملے کی تفتیش کررہا ہے کہ حصص کی فروخت میں فارن ایکسچینج ایکٹ کی خلاف ورزی تو نہیں کی گئی۔