راولپنڈی (اے پی پی) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج رائے محمد ایوب مارتھ نے بے نظیر بھٹو قتل کیس میں متفرق درخواستوں کی سماعت وکلاء کی عدم حاضری کے باعث بغیر کسی کارروائی کے 18نومبر تک ملتوی کر دی ہے۔ سابق سی پی او سید سعود عزیز‘ سابق ایس پی راول ٹائون خرم شہزاد اپنے وکیل ملک رفیق کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ بے نظیر بھٹو قتل کیس میں استغاثہ کے گواہ امریکی صحافی مارک سیگل کے ویڈیو لنک کے ذریعے بیان کو چیلنج کرنے والے ملزمان کے وکلاء ‘ایف آئی اے کے سینئر پبلک پراسکیوٹر چوہدری اظہر کی عدم حاضری کے باعث خصوصی عدالت کے جج نے بے نظیر بھٹو قتل کیس اور اس حوالے سے دائر متفرق درخواستوں کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 18نومبر تک ملتوی کر دی۔