پاکستان نے انگلینڈ کو پہلے ون ڈے میں 6وکٹوں سے شکست دیدی

لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان نے انگلینڈ کو پہلے ایک روزہ میچ میں چھ وکٹوں سے ہرا کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔ انگلینڈ کے کپتان مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ انگلینڈ کی طرف سے مورگن نے 76 اور جوز بٹلر 60 رنز بناکر نمایاں بیٹسمین رہے۔ انکے علاوہ انگلینڈ کا کوئی بیٹسمین قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا۔ پاکستان کے عرفان نے تین جبکہ شعیب ملک اور انور علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں اوپنرز اظہر علی اور بلال آصف انگلش فاسٹ باؤلر ریس ٹوپ لی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔یونس خان اور محمد حفیظ نے سکور کو 41 تک پہنچایا ہی تھا کہ تجربہ کار بلے باز اپنے ایک روزہ کیریئر کی آخری اننگز میں 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ حفیظ اور شعیب ملک نے 70 رنز کی شراکت قائم کر کے سکور کو 111 تک پہنچا دیا۔ شعیب معین علی کی گیند پر مڈ وکٹ پر کیچ دے بیٹھے۔ بابر اعظم حفیظ کا ساتھ نبھانے وکٹ پر آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ناقابل شکست 106 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کو چھ وکٹ کی فتح سے ہمکنار کرانے کے ساتھ ساتھ سیریز میں بھی 1-0 کی برتری بھی دلا دی۔مین آف دی میچ محمد حفیظ 102 جبکہ بابر 62 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔سیریز کا دوسرا میچ کل کھیلا جائیگا۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے انگلینڈ کیخلاف پہلا ون ڈے میچ جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیت بہترین ٹیم ورک کا نتیجہ ہے اور تمام کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم اسی جوش و جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح کا تسلسل برقرار رکھے گی۔

ای پیپر دی نیشن