پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایک بار پھر کہا ہے کہ تیسری بار ایازصادق کی سپیکر شپ خطرے میں نظر آرہی ہے۔ میری سوئی دھاندلی پر اسلئے نہیں اٹکی کہ مجھے حکومت مل جائیگی، اس لئے اٹکی ہے کہ ملک کا بہتر مستقبل چاہتا ہوں۔ جب آپ جمہوریت کی بنیاد ہی غلط رکھتے ہیں، جب صاف شفاف الیکشن نہیں ہوتے، اس ملک میں لوگوں کے حقوق ختم ہوجاتے ہیں۔ خیبرپی کے میں چھانگا مانگا کی طرز پر 10 جنگل بنا رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) والے بڑے پراجیکٹس بناتے ہیں ہم ادارے بنا رہے ہیں۔ وہ سیمنٹ اور سرئیے پر سرمایہ کاری کر رہے ہیں، ہم اپنے لوگوں کے مستقبل پر سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔عمران کا کہناہے کہ ملک میں نفرت پھیلانے والے مدارس کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ مدرسوں اور چیرٹی ہومز پر ود ہولڈنگ ٹیکس لگانا زیادتی ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں انکا کہنا تھا کہ میاں صاحب خیبرپی کے میں نیا پاکستان کیا بنائیں گے، وہ زیادہ سے زیادہ ایک میٹرو بس چلا دیں گے، اس سے زیادہ انکی خیبرپی کے میں کوئی کنٹری بیوشن نہیں ہوسکتی۔ بعدازاں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اکوڑہ خٹک کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جمیعت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق سے ملاقات کی جس میں ملک میں موجودہ صورتحال سمیت افغانستان کے مستقبل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ عمران کا کہنا تھا کہ نوازشریف بتائیں نئے خیبرپی کے میں انکا کتنا حصہ ہے۔ نیشنل ایکشن پلان میں فرقہ واریت پھیلانے والے مدارس کی وضاحت ہونی چاہیے قومی سلامتی کیلئے خطہ بننے والے مدارس کے خلاف ضرور کاررووائی ہونی چاہیے۔ حکومت دیتی مدارس پر ودہولڈنگ ٹیکس کا فیصلہ واپس لے۔آرمی چیف اور وزیراعظم کا دورہ امریکہ افغانستان میں مستقل قیام امن کیلئے ہوسکتا ہے۔ وزیراعظم نے اپنے دورہ امریکہ کیلئے پارلیمنٹ کو اعتماد میں نہیں لیا۔ وزیراعظم کا دورہ امریکہ افغان طالبان سے دوبارہ مذاکرات سے متعلق ہو سکتا ہے۔ عمران خان دو روزہ دورہ پر آج جمعرات کو کراچی جائیں گے۔ 14 نومبر کو اسلام آباد میں انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے یوم تاسیس کی مرکزی تقریب میں شریک ہو ں گے ۔15اور 16نومبر کو عمران خان اپنے آبائی ضلع میانوالی کا دورہ کریں گے پارٹی ترجمان کے مطابق عمران خان آج بلدیاتی انتخابات کی مہم کے سلسلے میں سندھ کا دو روزہ دورہ شروع کریں گے کراچی سے دوپہر کو جامشورو کے لیے روانہ ہونگے جہاں چیئرمین تحریک انصاف جلسہ سے خطاب کریں گے وہ اسی روز حیدر آباد میں ریلی میں شریک ہوں گے۔