لاہور (نمائندہ خصوصی) ایڈیٹر ماہنامہ ”پھول“ صدر پاکستان چلڈرن میگزین سوسائٹی ،معروف ادیب محمد شعیب مرزا کو ان کی بچوں کے ادب کے حوالے سے نمایاں خدمات پر پاکستان رائٹرز ونگ اعتماد نیوز اور وفائے پاکستان ادبی فورم کی طرف سے مشترکہ طور پر ”سالار ادب اطفال ایوارڈ“ سے نوازا گیا۔ ایوارڈ ملتان میں منعقدہ کل پاکستان رائٹرز کنونشن میں معروف سیاستدان جاوید ہاشمی نے دیا۔ کنونشن میں معروف سیاستدانوں، صحافیوں اور ملک بھر سے ادیبوں نے شرکت کی۔ ایک ماہ قبل ملتان میں ہی انہیں ”تعمیر ادب ایوارڈ“ سے بھی نوازا گیا تھا۔ محمد شعیب مرزا کی ادبی خدمات کے پیش نظر نیشنل بک فاﺅنڈیشن حکومت پاکستان نے انہیں ”کتاب کا سفیر“ بھی مقرر کیا ہے۔ وہ اب تک دو گولڈ میڈل اور کئی ایوارڈز و اعزازات حاصل کر چکے ہیں۔ نیز کئی قومی و عالمی ادبی کانفرنسوں میں شرکت کے علاوہ بچوں کے ادب پر مقالے بھی پیش کر چکے ہیں۔ گزشتہ سال اکتوبر میں انہیں استنبول ترکی میں عالمی سمپوزیم میں شرکت اور بچوں کے ادب پر واحد مقالہ پیش کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہوا جس میں دنیا بھر سے تقریباً ایک سو ادیبوں نے شرکت کی اور مختلف موضوعات پر مقالے پیش کئے۔ ادیبوں اور صحافیوں نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بچوں کے ادب میں سب سے نمایاں خدمات پر محمد شعیب مرزا کو سول ایوارڈ دے کر ان کی خدمات کا اعتراف کیا جائے۔