کوئٹہ+پشاور(صباح نیوز+نوائے وقت نیوز) بلوچستان کے علاقے حب میں رینجرز نے کارروائی کرکے کالعدم جنداللہ پاکستان کے امیر عارف عرف ثاقب کو ہلاک کردیا۔ بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ بلوچستان کے علاقہ تربت سے کالعدم تنظیم کے 8 دہشت گرد گرفتار کر لئے گئے۔ رینجرز ذرائع کے مطابق دہشتگرد عارف عرف ثاقب کالعدم جنداللہ پاکستان کا امیر تھا اور القاعدہ، جماعت الاحرار،داعش کےساتھ مل کر کارروائیاں کرتا تھا۔ذرائع کا کہنا تھا عارف عرف ثاقب لشکرجھنگوی کے ساتھ بھی دہشت گردی کی کارروائیاں کرتاتھا اور کراچی اور بلوچستان میں ہونےوالے خودکش دھماکوں کا ماسٹرمائنڈتھا۔ رینجرز ذرائع کے مطابق کارروائی میں ملزم کے قبضے سے بھاری تعدادمیں اسلحہ اوربارود برآمد ہوا ہے۔سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ ہلاک دہشتگرد کے مزید ساتھیوں کی تلاش کیلئے سکیورٹی فورسز کے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے ۔دوسری جانب حساس اداروں اور ایف سی بلوچستان کے علاقے تربت میں کارروائی میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گرد گرفتار کر لئے۔ ذرائع کے مطابق ایف سی اور حساس اداروں نے تربت کے علاقے ہوشاب میں کارروائی کی تو دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں 8دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی گئیں۔ ترجمان ایف سی کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والے اسلحے میں 4 آر پی جی، 7 راکٹ، 5 رائفل اور آئی ای ڈیز بھی شامل ہیں۔ ادھر پولیس نے پشاور تھانہ ہشنگری کی حدود اور اطراف کے علاقوں میں کومبنگ آپریشن کیا۔ جس کے دوران غیرقانونی طور پر مقیم افراد سمیت 20 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا، جن کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
جنداللہ کا امیر ہلاک