لاہور( حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) ضرب عضب کی کامیابی کے بعد شمالی وزیرستان میں اب کھیلوں کی سرگرمیاں بھی شروع ہونیوالی ہیں۔ علاقہ دہشت گردوں کے خوف سے نکل کر اب معمول کی زندگی کیطرف لوٹ رہا ہے۔ علاقے میں اب بم دھماکوں اور گولیوں کی تڑتڑاہٹ کے بجائے ان سوئنگ،آوٹ سوئنگ، لیگ سپن اور آف سپن کے ساتھ ساتھ ’’وی وانٹ سکسر‘‘ ’’گڈ شاٹ‘‘ اور پاکستان زندہ باد کے نعرے گونجیں گے۔ شمالی وزیرستان میں اب بم بنانے اور فائرنگ کے گر سکھانے کے بجائے کرکٹ کھیلنے کے طریقے سکھائے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق میرانشاہ میں رواں ماہ یونس خان کرکٹ سٹیڈیم کا افتتاح ہو رہا ہے۔ اس سٹیڈیم کی تعمیر کا فریضہ افواج پاکستان نے نبھایا ہے۔ سٹیڈیم کے افتتاح کے موقع پر افواج پاکستان اور پی سی بی الیون کے مابین ٹونٹی ٹونٹی میچ بھی کھیلا جائیگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کا انتخاب کر لیا ہے قومی کرکٹ ٹیم کی نیوزی لینڈ میں موجودگی اور بعض نمایاں کھلاڑیوں کی بنگلہ دیش پریمیئر لیگ اور دیگر ممالک میں مصروفیات کے باعث نمایاں کھلاڑی دستیاب نہیں ہیں اس صورتحال کے پیش نظر پشاور، راولپنڈی، اسلام آباد اور فاٹا سے تعلق رکھنے والے نوجوان کرکٹرز کو اس نمائشی میچ کے لیے سلیکٹ کیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی اپنے ڈیویلپمنٹ پروگرام شروع کرنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔ پی سی بی کے اکیڈمیز پروگرام کے تحت شمالی وزیرستان میں جلد کام شروع ہو جائیگا۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت بہے جلد آزاد جموں کشمیر، کوئٹہ، ایبٹ آباد اور سیالکوٹ میں بھی اکیڈمیز کام شروع کر دیں گی۔ لاہور کے علاوہ کراچی اور ملتان میں قیام و طعام اور بروقت کوچز کی دستیابی کے ساتھ اکیڈمیز سوال ہو چکی ہیں۔دوسری طرف دنیا کے تیز ترین گیند باز شعیب اختر بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہمسفر بننے والے ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ نے انہیں باولنگ کنسلٹنٹ بننے کی پیشکش کی تھی ابتدائی طور پر شعیب اختر نے باولنگ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے کام کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے دونوں فریقین کے مابین معاملات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ شعیب اختر کس طرح ذمہ داریاں نبھائیں گے، سال کے کنٹریکٹ میں کتنے دن کام کریں گے اور خدمات کے عوض انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کیا معاوضہ ادا کریگا ان تمام معاملات پر بات چیت حتمی مراحل میں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے شعیب اختر سے بھی محمد یوسف کیطرح نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پاکستان انڈر نائینٹین، انڈر سکسٹین، پاکستان سے ٹیم اور ہائی پرفارمنس کیمپوں کے دوران کام لیا جائیگا۔ معاملات طے ہونے کی صورت میں شعیب اختر کے ساتھ معاہدے کا باضابطہ اعلان کر دیا جائیگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے حال ہی میں سابق کپتان محمد یوسف کو بیٹنگ کنسلٹنٹ مقرر کیا ہے۔ مدثر نذر کی ڈائریکٹر اکیڈمیز تعیناتی کے بعد اکیڈمیز پروگرام دوبارہ سے فعال ہوا ہے اور ماضی کے عظیم کھلاڑیوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنیکا سلسلہ شروع کیا گیا ہے ٹاپ پلئیرز کو جونئیر کھلاڑیوں کی کوچنگ کی ذمہ داریاں دی جا رہی ہیں۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سپن باولنگ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے آف سپنرز کی تربیت اور رہنمائی کیلئے سلیکشن کمیٹی کے رکن اور سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد کی خدمات لئے جانیکی تجویز بھی زیر غور ہے جبکہ لیگ سپنرز کی کوچنگ کی ذمہ داری مشتاق احمد نبھاتے ہیں۔