بیجنگ (صباح نیوز) چین نے سی ایم 302 کے نام سے ایک ایسا نیا بحری جہاز شکن کروز میزائل فروخت کیلئے پیش کردیا ہے جو آواز سے زیادہ (سپر سونک)رفتار پر سفر کرسکتا ہے اور جس کے بارے میں دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بھارت اور روس کے مشترکہ براہموس کروز میزائل کا جواب ہے۔اگرچہ ژوہائی میں ایئر شو چائنا کو اختتام پذیر ہوئے ایک ہفتے سے زیادہ ہوچکا ہے لیکن اس نمائش میں چین نے جس انداز سے اپنی دفاعی ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کیا ہے، اس پر دنیا بھر میں مسلسل بحث جاری ہے۔ سی ایم 302بھی چین کی اسی جدید دفاعی ٹیکنالوجی کا شاہکار ہے۔کروز میزائل کسی دور دراز ہدف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بناسکتا ہے اور سمت بندی و رہنمائی(نیوی گیشن اینڈ گائیڈنس)کے جدید کمپیوٹرائزڈ آلات سے لیس ہونے کے باعث اڑتا ہوا سپر کمپیوٹر بھی قرار دیا جاتا ہے۔ معتبر دفاعی ویب سائٹ آئی ایچ ایس جینز نے سی ایم 302پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ چین کے تیار کردہ ایک اور بحری جہاز شکن سپر سونک کروز میزائل YJ-12 سے بڑی مشابہت رکھتا ہے۔ برِصغیر کی موجودہ صورتِ حال، بھارت کا مسلسل بڑھتا ہوا جنگی جنون، پاک چین معاشی و دفاعی تعلقات اور اسی نوعیت کے دیگر پہلو سامنے رکھتے ہوئے عسکری ماہرین کو یقین ہے کہ سی ایم 302 کا سب سے پہلا خریدار پاکستان ہی ہوگا،کیونکہ اس وقت پاک بحریہ کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ایسے ہی کسی کروز میزائل کی ضرورت ہے جسے نہ صرف زمین سے بلکہ بحری جہاز اور آبدوز سے بھی لانچ کیا جاسکے اور وہ دشمن جہازوں کو سنبھلنے کا موقع دیئے بغیر تباہ کر ڈالے۔