جب کالعدم جنداللہ پاکستان کا امیر ہلاک‘ پنجگوردو دہشت گرد مارے گئے

کوئٹہ+ پشاور(نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے علاقے حب میں رینجرز نے کارروائی کرکے کالعدم جنداللہ پاکستان کے امیر عارف عرف عباسی کو ہلاک کردیا اور بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جبکہ پنجگور میں جھڑپ کے دوران بھی 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ بلوچستان کے علاقہ تربت سے کالعدم تنظیم کے 8 دہشت گرد گرفتار کرلئے گئے۔ رینجرز ذرائع کے مطابق دہشتگرد عارف عرف عباس کالعدم جنداللہ پاکستان کا امیر تھا اور القاعدہ، جماعت الاحرار، داعش کےساتھ ملکر کارروائیاں کرتا تھا۔ ذرائع کا کہنا تھا عارف عرف عباس لشکرجھنگوی کے ساتھ بھی دہشت گردی کی کارروائیاں کرتا تھا اور کراچی اور بلوچستان میں ہونےوالے خودکش دھماکوں کا ماسٹرمائنڈتھا۔ رینجرز کے ترجمان کے مطابق دہشت گرد عارف کالعدم تحریک طالبان سندھ کا نائب امیر بھی تھا اور کراچی کے سابق کور کمانڈر جنرل احسن سلیم کی گاڑی پر حملے اور آصف زرداری کے چیف سکیورٹی افسر بلال شیخ پر حملے میں بھی ملوث تھا۔ دوسری جانب حساس اداروں اور ایف سی بلوچستان کے علاقے تربت میں کارروائی میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گرد گرفتار کر لئے اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی گئیں۔ ادھر پولیس نے پشاور تھانہ ہشنگری کی حدود اور اطراف کے علاقوں میں کومبنگ آپریشن کیا۔ جس کے دوران غیرقانونی طور پر مقیم افراد سمیت 20 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا، جن کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ ادھر پنجگور کے علاقے میں ایف سی اور حساس ادارے کے ساتھ مقابلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ترجمان ایف سی کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوا۔ علاوہ ازیں ڈیرہ بگٹی میں کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم بی آر اے کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ اور نقشے برآمد کرلئے۔ سرگودھا سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم داعش کے 2 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے 2 دستی بم، 2 کلو خودکش جیکٹس بنانے والا بارودی مواد اور ایک پسٹل برآمد کرلیا گیا۔ دہشت گرد آئندہ چند روز میں سرگودھا سمیت پنجاب کے کئی شہروں کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے۔ سی ٹی ڈی حکام کو اطلاع ملی تھی کہ چونگی نمبر 9 کے قریب مکان میں مشکوک لوگ موجود ہیں جس پر چھاپہ مارا گیا۔
جند اللہ/ امیر ہلاک

ای پیپر دی نیشن