لاس اینجلس (اے پی پی) سابق امریکن ویمن ٹیم کی گول کیپر ہوپ سولو نے فٹ بال کی عالمی تنظیم (فیفا) کے سابق صدر سیپ بلاٹر پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کر دیا، 36 سالہ ورلڈ کپ فاتح کھلاڑی کا کہنا ہے کہ واقع 2013ء میں بیلون ڈی آر ایوارڈ کی تقریب میں پیش آیا تھا۔ اپنے ایک انٹرویو میں سابق امریکن ویمن ٹیم کی گول کیپر ہوپ سولو نے ورلڈ گورننگ باڈی کے سابق صدر بلاٹر پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے 2013ء میں بیلون ڈی آر ایوارڈ کی تقریب سے قبل نازیبا حرکت کی تھی، ایوارڈ کی پریزنٹنگ میں نے کرنی تھی تھی اسلئے میں نروس ہو گئی تھی، تقریب کے بعد میں نے بلاٹر کو دوبارہ نہیں دیکھا جس کی وجہ سے میں براہ راست انہیں جواب نہ دے سکی۔ انہوں نے کہا کہ صرف ہالی ووڈ میں نہیں بلکہ ویمنز فٹ بال میں بھی خواتین کو ہراساں کرنے کا رحجان روز بروز بڑھ رہا ہے۔ 81 سالہ بلاٹر نے اپنے ترجمان کے ذریعے واقع کی تردید کرتے ہوئے الزامات کو مضحکہ خیز قرار دے دیا۔