70 کروڑ ڈالر منظور، پاکستان حقانی گروپ، لشکر طیبہ کیخلاف کارروائیاں دکھائے: امریکی کانگرس

Nov 12, 2017

واشنگٹن (آئی این پی‘آن لائن) امریکی کانگرس نے افغانستان میں امریکی آپریشن کی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کو کولیشن سپورٹ فنڈ (سی ایس ایف) کے تحت 70 کروڑ ڈالر دینے کی منظوری دے دی جبکہ این ڈی اے اے نے امریکی محکمہ دفاع پر زور دیا ہے پاکستان پر نظر رکھی جائے کہ وہ اس امداد سے دہشت گرد گروپوں کی مدد نہ کرے۔ یہ اجازت کانگرس کی جانب سے جاری کردہ نیشنل ڈیفنس اتھارائیزیشن ایکٹ (این ڈی اے اے) 2018 ء کے تحت دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ کے وزیر دفاع کی جانب سے جاری کردہ سرٹیفکیٹ جس میں پاکستان کا حقانی نیٹ ورک کے خلاف مناسب اقدامات کرنے کے حوالے سے بتایا گیا ہے، کے بعد مذکورہ ایکٹ میں نظرثانی شدہ متن کے مطابق 70 کروڑ ڈالر میں سے 35 کروڑ ڈالر سی ایس ایف کے تحت دینے کی منظوری دی گئی۔ اس حوالے سے این ڈی اے اے نے ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ پر زور دیا کہ پاکستان پر نظر رکھی جائے کہ وہ اس امداد سے دہشت گرد گروپوں کی مدد نہ کرے۔ ایکٹ کے مطابق امریکی انتظامیہ 35 کروڑ ڈالر کی محدود رقم اس وقت جاری کرے گی جب وزیر دفاع کانگرس کمیٹی کو تصدیق کریں کہ پاکستان دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں، حقانی نیٹ ورک اور لشکرطیبہ کے خلاف مناسب کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور حقانی نیٹ ورک، لشکر طیبہ کے پاکستان میں موجود محفوظ پناہ گاہوں کو ختم کرنے کے لئے بھی فوجی آپریشن میں مصروف ہے۔ وزیر دفاع کی جانب سے موصول ہونے والے سرٹیفکیٹ میں اس بات کا بھی اقرار کیا جائے گا پاکستان اپنی مغربی سرحد پر عسکریت پسندوں کی کارروائیوں کو محدود کرنے کے لئے افغانستان کے ساتھ رابطے برقرار رکھے ہوئے ہے اور ساتھ ہی پاکستان کو حقانی نیٹ ورک اور لشکر طیبہ کے سینئر رہنماؤں اور کارکنان کو گرفتار کرنے اور سزائیں دینے کے لئے اپنی کوششیں دکھانی ہوں گی۔

مزیدخبریں