لندن (صباح نیوز)ایران نے اپنے بیلسٹک میزائل پروگرام سے متعلق امریکہ اور مغربی ملکوں بالخصوص فرانس کی تنقید مسترد کردی ہے۔ ایران نے فرانسیسی صدر کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تہران اپنے بیلسٹک میزائل پروگرام کو جاری رکھے گا۔ اس پر کوئی سمجھوتہ یا مذاکرات قبول نہیں۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ(مجلس شوریٰ)کی قومی سلامتی کمیٹی کے ترجمان حسین نقوی حسینی نے فرانسیسی صدر عمانویل مکروں کے اس مطالبے کو مسترد کردیا جس میں انہوں نے ایران سے بیلسٹک میزائلوں کی تیاری روکنے پر زور دیا ہے۔ایرانی عہدیدار نے کہا کہ امریکہ اور مغربی ممالک جس میزائل پروگرام کو پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہیں وہ ایران کی دفاعی ضرورت ہے۔خبر رساں اداریتسنیم کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں حسینی کا کہنا تھا کہ ان کا ملک پہلے ہی واضح کرچکا ہے کہ ہم اپنے میزائل پروگرام پر کسی ملک کے مطالبے پر سمجھوتہ ہرگز نہیں کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنے دفاع کے لیے اپنی دفاعی ضروریات کو پوری کرنے کی پوری کوشش کرے گا۔ فرانس یا کوئی دوسرا ملک ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام پر تہران پر دباؤ نہیں ڈال سکتا۔دوسری جانب یورپی یونین میں خارجہ پالیسی کی ذمے دار فیڈریکا موگرینی نے کہا یورپی اتحاد ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر عملدرآمد پوری طرح جاری رکھے گا۔ ازبکستان کے شہر سمرقند میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ یورپی اور بین الاقوامی سفارتکاری کی ایک بڑی کامیابی ہے جس کا ثمر حاصل ہو رہا ہے۔
ایران