مصطفی کے الزامات پر جوڈیشل کمشن بنایا جائے :پیپلز پارٹی :سیاسی جماعتیں بنانے توڑنے کا مشغلہ ترک کرنا ہوگا:مسلم لیگ ن

Nov 12, 2017

لاہور +اسلام آباد‘ اوکاڑہ‘ کراچی ( خبر نگار صباح نیوز‘آن لائن‘ نامہ نگار‘ آئی این پی) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں بنانے اور توڑنے کا مشغلہ ترک کرنا ہوگا جبکہ مشرف کو متبادل لیڈر کے طور پر لانے کی کوشش ناکام ہو گی۔ حدیبیہ پیپر ملز کیس کا دوبارہ اجراء ناانصافی ہے، تکلیف کے باوجود تحمل سے کا م لے رہے ہیں۔ محاذآرائی ہوئی تو کسی کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔ خواجہ سعد رفیق نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہا متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی کا انجینئرڈ ملاپ 24 گھنٹے میں ناکام ہوگیا۔ قومی سیاست کا فیصلہ ایوانوں میں نہیں بلکہ گلیوں بازاروں میں ہوگا۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا غاصب پرویز مشرف کو متبادل لیڈر کے طور پر سامنے لانے کی کوششیں بری طرح ناکام ہوں گی۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنمائوں قمر الزمان کائرہ، منظور احمد چودھری ، ندیم افضل چن اور نیئر بخاری نے کہا ہے کہ مصطفی کمال کے الزامات کا ذمہ دار خود ذمہ داروں کا تعین کریں اور اب سیاست میں مداخلت بند ہونی چاہئے پیپلز پارٹی ضلع اوکاڑہ کے صدر سجادالحسن کی بیٹی کی شادی کے موقع پر شریک قمرالزماں کائرہ نے کہا ہے کہ کراچی میں ایک ڈرامہ لگا۔ میاں صاحب پوچھتے پھرتے تھے مجھے کیوں نکالا جس کا عدالت نے جوا ب دے دیا ہے کہ آپ نے قوم، پارلیمنٹ اور عدالت سے جھوٹ بولا اور عدالت میں جعلی دستاویزات پیش کیں‘ آپ کی کمپنی ہے جس کو آپ نے چھپایا۔ مسلم لیگ (ن) کو بہت دکھ ہے اتنی گالیاں کبھی بھی کسی عدالت یا جج کونہیں دی گئیں اور فو ج کو بھی ملوث کیا جا رہا ہے۔ حدیبیہ پیپر ملز کا کیس دوبارہ کیوں نہیںکھل سکتا جوکہ ملی بھگت کا فیصلہ تھا اس ملی بھگت میں نیب بھی شامل تھی۔ اس مقدمہ میں نواز شریف، شہباز شریف، اولادیں اور سمدھی شامل ہیں۔ چودھری منظور نے کہا ہے کہ ایک اور منی لانڈرنگ کا کیس سامنے آنے والا ہے جس میں حبیب بینک کو 62 کروڑ روپے جرمانہ ہوا ہے اس میں سعودیہ الغازی سے امریکہ رقم جاتی تھی پھر واپس جاتی امراء کی برانچ میں آتی تھی‘ اس منی لانڈرنگ کے ثبوت سامنے آنے والے ہیں۔ مصطفٰی کمال کے الزامات پر جوڈیشل انکوائری کی جائے۔ ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ شریف خاندان کے خلاف کچھ کیس ایسے ہیں جو فائلوں میں آنے سے قبل ہی دب گئے ہیں کچھ جل گئے ہیں‘ لاہور میں کس کس بلڈنگ کو آگ لگی سب کو پتہ ہے۔ نیئر بخاری نے کہا ہے کہ آئین میں واضع طور پر لکھا ہے کہ آخری مردم شماری کے مطابق انتخابات ہوں گے‘ حالیہ مردم شماری ابھی تک سرکاری طور پر شائع ہی نہیں ہوئی اس کے ابتدائی نتائج آئے ہیں اس لئے ان کے مطابق انتخابات کس طرح ہوسکتے ہیں اور پتہ نہیںالیکشن کمیشن نے کس طرح ڈیڈ لائن دے دی۔ انتخابات سابقہ مردم شماری کی بنیاد پر ہوں گے۔ پیپلز پارٹی کی رہنماء اور ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا نے کہا ہے کہ فاروق ستار اور مصطفی کمال وہ کام کر رہے ہیں جو مسلم لیگ (ن) کررہی ہے، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے کراچی میں امن کیلئے دن رات کام کیا ان کو بدنام کیا جا رہا ہے، ایجنسیز کو آگے بڑھ کر بیان دینا چاہئے، کراچی میں امن و امان لانے کیلئے حکومت نے کام کیا‘ اسٹیبلشمنٹ کو بدنام کیا جا رہا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنماء فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ فاروق ستار الطاف حسین کا نیا روپ بن کر سامنے آئے ہیں۔ ایم کیو ایم اور پی ایس پی دونوں ایک ہی ہیں، یہ دونوں ڈرامہ کر رہے ہیں۔ چھ آٹھ لوگ کراچی کا ناسور بنے ہوئے ہیں، یہ پیسہ کھا رہے ہیں، انہوں نے 5 ارب سے زائد وفاقی حکومت کا پیسہ کھایا ہے۔ فاروق ستار نے نئے صوبے کا نعرہ لگایا ہے۔ وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا ہے غیر جمہوری جوڑ توڑ نظر آرہا ہے جو نہیں چل سکے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اسمبلیاں مدت پوری کریں گی اور انتخابات مقررہ وقت پرہوں گے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کا اخلاقیات اور زرداری کا کرپشن پر لیکچر دینا سنگین مذاق ہے، عمران خان کا طرز عمل آئین کی عملداری کیلئے نہیں، تحریک انصاف کے جلسوں کے علاوہ پورے ملک میں کہیں بحران نہیں۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے حقیقت یہ ہے کہ حقیقت وہ نہیں جو ٹاک شوز میں دکھائی جاتی ہے۔ جو کچھ اخباروں اور ٹاک شوز کی زینت بنتا ہے وہ میری قوم کی حقیقت نہیں۔ کالج کے یہ بچے بچیاں جو ہمارا کل ہے وہ حقیقت ہے اور یہ ہمارا مستقبل ہے یہ حقیقت ہے۔ لوگوں کی انائیں، افراد کا انائیں اور اداروں کی انائیںحقیقت نہیں۔ جب انائیں ٹکرائیں گی تو ان کا مستقبل تاریک ہو گا اور ملک میں جمہوریت کا مستقبل تاریک ہو گا۔ ان بچے بچیوں اور اپنے مستقبل کیلئے اپنی اناؤں کو روک دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی سیالکوٹ کی طالبات میں پرائم منسٹر سکیم کے تحت لیپ ٹاپ کمپیوٹرز تقسیم کرنے کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ این این آئی کے مطابق خواجہ آصف نے کہا اداروں کی انائیں ٹکرانے سے جمہوریت تباہ ہو گی‘ اخباروں کی سرخیوں میں کوئی حقیقت نہیں۔

مزیدخبریں