امریکی عدالت کا تربوز خریدتے گر کر زخمی ہونیوالے سابق فوجی کو 75 لاکھ ڈالر معاوضہ دینےکا حکم

Nov 12, 2017

واشنگٹن (بی بی سی) امریکہ میں ایک عدالت نے وال مارٹ میں خریداری کے دوران زخمی ہونے والے شخص کو 75 لاکھ ڈالر معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہینری والکر نامی 59 سالہ شخص والمارٹ میں تربوز لینے کیلئے آگے بڑھا تو اسکا پاؤں تربوزوں کے نیچے رکھے لکڑی کے فریم میں پھنس گیا جس کی وجے سے وہ گر پڑا۔ گرنے سے اسکے ایک پیر اور کوہلے میں فریکچر ہوگیا۔ امریکی ریاست الاباما کے شہر فیِنکس سٹی میں ایک جیوری نے والکر کے حق میں جج کو اپنا فیصلہ دیا۔ اسکے مطابق والکر کو 25 لاکھ ڈالر معاوضے میں ملیں گے اور 50 لاکھ ڈالر تادیبی نقصانات یعنی ’پیونیٹیو ڈیمیجِز‘ کی مد میں۔ تاہم والمارٹ کا کہنا ہے کہ وہ اس فیصلہ کے خلاف اپیل کریں گے۔ انکا کہنا ہے کہ انکے سپر سٹور کے اس پھل کی نمائش میں کوئی غیر محفوظ عنصر نہیں تھا بلکہ یہ حادثہ گاہک کی لاپرواہی کی وجہ سے ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ طریقہ پورے ملک میں ان کے تمام سپر سٹور میں موجود ہے۔ وال مارٹ کے مطابق انہوں نے تربوزوں کی اس نمائش میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے لیکن ہینری والکر کے وکیل کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلہ مناسب ہے کیونکہ والمارٹ نے بالکل حفاظی اقدامات کی پروا نہیں کی اور ان کو اس لکڑی کے فریم کو کسی چیز سے ڈھک دینا چاہیے تھا۔ مقدمے کے دوران جیوری کو بتایا گیا کہ فوج کے ریٹائرڈ سارجنٹ ہینری والکر حادثے سے پہلے آرام سے چلتے پھرتے تھے اور ہفتے میں تین مرتبہ باسکٹ بال کھیلتے تھے لیکن حادثے کے بعد سے ان کو واکر کا سہارہ لے کر چلنا پڑتا ہے۔

مزیدخبریں