ملتان( خبر نگار خصوصی) نظریہ پاکستان فورم ضلع ملتان اور نظریہ پاکستان سوسائٹی کے زیراہتمام گورنمنٹ اقبال سیکنڈری سکول میں افکار وتصورات اقبال سیمینار ہوا۔ سکول کے پرنسپل عنایت علی قریشی نے صدارت کی جبکہ مہمان خصوصی شاعر اور ادیب اکبر بخاری اور رانا محمد اسلم ساغر جنرل سیکرٹری نظریہ پاکستان فورم تھے۔ تقریب سے شوکت بدر، حافظ عنایت اللہ، سماجی رہنما سید محمد علی رضوی، حاجی امام الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج طلبہ وطالبات کو چاہئے کہ پاکستان کے قومی شاعر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کو ضرور پڑھیں ان کی شاعری کو بھی توجہ کے ساتھ سمجھیں اور اس پرعمل پیراہوتے ہوئے ملک کو دن دگنی رات چوگنی ترقی سے ہمکنار کریں۔ آج کے نوجوانوں کو شاہین کا درجہ دے کر پاکستان کی ترقی وخوشحالی میں تعلیم سے مزین ہوکر عملی اقدامات کرنے کا درس دیتاہے۔ اکبر بخاری نے کہا عصر حاضر میں قرآن کواقبال سے بہتر کسی نے نہیں سمجھا۔ اقبال کی شاعری نے مسلم امہ کو خوابیدگی سے بیدار کیا۔ رانا اسلم ساغر نے کہا وہ مسلم اُمہ کے مسیحا تھے۔ عنایت علی قریشی نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دنیا میں صرف ایک ہی شاعر ہے جو صداقتوں کے معیار پر پورا اترتا ہے۔ وہ زندہ شاعر ہے اور ہمیشہ زندہ رہے گا۔ انہوں نے خیال وفکر کی قوت وحدت سے قوم کی رہنمائی کی۔ شوکت بدر نے کہاکہ 9نومبر کا دن اس بطل حریت کے طلوع ہونے کا دن ہے جس کے خیال وافکار سے تُرکی اور ایران میں انقلاب برپا ہوا۔ آج پاکستان اپنے مفکر اعظم کے خیالات وافکار کو اپنانے کو تیار نہیں۔ پاکستان کی تعمیر واستحکام کی بنیاد اقبال کا کلام ہی فراہم کرتاہے۔