روئی کے بھاﺅ میں فی من 400 روپے تک اضافہ

کراچی(کامرس ڈیسک)مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران ٹیکسٹائل و اسپننگ ملز کی جانب سے معیاری روئی کی خریداری میں زبردست اضافہ کے باعث روئی کے بھاﺅ میں فی من 300 تا 400 کا روپے نمایاں اضافہ ہواہے، روئی کا بھاﺅ فی من 7000 روپے، سیزن کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ اسی طرح پھٹی کا بھاﺅ بھی فی 40 کلو 3400 تا 3500 روپے کی بلند ترین سطح کو چھو گیا۔ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ میں فی من 200 روپے کا اضافہ کرکے اسپاٹ ریٹ فی من 6600 روپے کے بھاﺅ پر بند کیا۔ صوبہ سندھ میں روئی کا بھاﺅ فی من 6000 تا 7000 روپے جبکہ پھٹی کا بھاﺅ فی 40 کلو 2800 تا 3350 روپے جبکہ صوبہ پنجاب میں روئی کا بھاﺅ فی من 6450 تا 7000 روپے جبکہ پھٹی کا بھاﺅ فی 40 کلو 2900 تا 3450 روپے ہوگیا۔ کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ ملک کے کپاس پیدا کرنے والے علاقوں میں کپاس کی فصل کو نقصان پہنچانے والے موسمی حالات صوبہ سندھ میں سیزن کے اوائل میں بارشوں کا سلسلہ جبکہ بعد ازاں پنجاب میں غیر معمولی گرمی کے باعث کپاس کی فصل متاثر ہوئی جس کے باعث معیار خراب ہوا اور پیداوار پر بھی منفی اثرات ہوئے ۔ نسیم عثمان کے مطابق روئی کے بھاﺅ میں ہوشربا اضافہ کے باعث ٹیکسٹائل و اسپننگ ملز کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ فصل کی کمی پوری کرنے کی غرض سے بیشتر ملز بیرون ممالک سے روئی کے درآمدی معاہدے کر رہے ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن