لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت و ٹریڈ شیخ علاﺅالدین نے کہا ہے کہ چائنہ کے تعاون سے تیانجن یونیورسٹی کا قیام صوبہ بھر کے نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے حوالے سے ایک اہم کاوش ہو گی اور پنجاب حکومت اپنے نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے اثرات سے مستفید ہونے کے لئے اپنے نوجوانوں کو ہنرمند بنانا پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ میں ایک اجلاس کی زیر صدارت کیا۔ اس موقع پر چیئرمین ٹیوٹا عرفان قیصر سیکرٹری انڈسٹریز ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ اور دیگر متعلقہ افراد موجود تھے۔ صوبائی وزیر کو چیئرمین ٹیوٹا نے بتایا کہ گزشتہ روز پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے قیام کے سلسلے میں تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ ایجوکیشن، تیانجن چین جن یونیورسٹی اور تیانجن پولی ٹیکنیک یونیورسٹی سے ایم او یو سائن ہو گیا ہے۔ دریں اثنا صوبائی وزیر صنعت و تجارت و ٹریڈ شیخ علاﺅالدین نے کہا ہے کہ لوکل انڈسٹری کو مستحکم کرنا پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس کے لئے ٹیکسٹائل انڈسٹریز کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے پنجاب حکومت خواہاں ہے کہ آپٹما کے ساتھ مل کر انڈسٹری کے مسائل کو حل کیا جائے۔ انہوں نے آل پاکستان ملز ایسوسی ایشن کے منتخب ہونے والے چیئرمین علی پرویز ملک کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے آپ کی زیر نگرانی اپٹما، پنجاب انڈسٹری کے ایشوز کو بہترین طریقے سے حل کر پائے گی۔