کراچی ( اسپورٹس رپورٹر)ینگ مسلم فٹبال کلب اور رائٹ ٹو پلے کے زیراہتمام کیمونٹی گرلز فٹبال ٹورنامنٹ کا شاندار فائنل ینگ مسلم اورنگی نے کراچی یونائیٹڈ اورنگی بلو کو ٹاس کی بنیاد پر ہراکر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ میچ مقررہ وقت میں بغیر کسی گول کے برابر رہا، پنالٹی ککس پردونوں ٹیموں2-2 گول سے ہم پلہ رہنے کے بعد ٹاس پر قسمت کی دیوی ینگ مسلم اورنگی پر مہربان ہوگئی۔ٹورنامنٹ کا فائنل کراچی یونائیٹڈ گرائونڈ کلفٹن پر منعقد کیا گیا۔فائنل میں دونوں ٹیموں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن اسکل کی کمی کی وجہ سے اور ناتجربہ کاری کی وجہ سے گول بنانے میں کامیابی نہیں مل سکی، وقفے اور مقررہ وقت میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہنے کے بعد پنالٹی ککس پر بھی دونوں ٹیموں نے ٹائٹل کے لئے سخت مقابلہ کیا۔ اور مقابلہ2-2 گول سے برابر رہنے کے بعد منتظمین نے ٹاس پر فیصلہ کیا جس میں ینگ مسلم اورنگی سرخرو ہوگئی۔فائنل کے ریفری رضوان، بابر اور انزالہ تھے۔فائنل میں کراچی یونائیٹڈ کے گرائونڈ میں دونوں ٹیموں کی سپورٹرز اور اورنگی کی اسکولوں کی کھلاڑیوں نے تالیاں بجاکر دونوں ٹیموں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ٹورنامنٹ آرگنائزنگ سیکریٹری اور ہیڈ کوچ کراچی یونائیٹڈ اورنگی ذاکر خان کے مطابق کیمونٹی گرلز فٹبال ٹورنامنٹ میں16ٹیموں نے لیگ کی بنیاد پر میچز میں حصہ لیا ، تین ماہ تک جاری رہنے والے اس گرلز ٹورنامنٹ میں اورنگی ٹائون ،ناظم آباد کی اسکول اور اکیڈمیوں کی ٹیموں نے حصہ لیا اور ان کے درمیان120 میچز کھیلے گئے۔ ٹاپ فور ٹیموں پوائنٹس کی بنیاد پر سیمی فائنل میں پہنچی، جن میںینگ مسلم گرلز اورنگی کی ٹیم نے سب سے زیادہ 63پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی،دوسرے نمبر پر کراچی یونائیٹڈاورنگی بلو نے37 پوائنٹس حاصل کرکے دوسری، اورنگی فولکس اسکول نے31 پوائنٹس کے ساتھ تیسری، اور ابراہیم علی بھائی اسکول نے 24پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی۔پہلے سیمی فائنل میں کراچی یونائیٹڈ اورنگی بلو نے ابراہیم علی بھائی اسکول کو ایک سخت مقابلے کے بعد2-1 سے ہراکر فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا،دوسرے سیمی فائنل میں ینگ مسلم اورنگی نے اورنگی فولکس اسکول کو1-0 سے شکست دیکر فائنل میں پہنچی تھی۔ فائنل میںینگ مسلم اورنگی اور کراچی یونائیٹڈ اورنگی بلو کے درمیان میچ سے دیکھنے کو ان کی کارکردگی کافی پسند آئی اورنگی ٹائون کے غریب علاقوں سے تعلق رکھنے والی اسکول کی کھلاڑیوں نے اپنے عزم وحوصلہ سے فٹبال گرائونڈ میں بہترین کھیل پیش کیا۔فائنل کے اختتام پر وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر کسی مصروفیات کی وجہ سے شرکت نہ کرسکے ،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ویسٹ سراج الدین نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے انعامات تقسیم کئے ،ان کے ساتھ دیگر مہمانوں میں ڈائریکٹر لیژ فٹبال لیگ زیب خان، شہروز، سٹی اسکول کی رمشا خان،رائٹ ٹو پلے کی نمائندگی نور اور پیکر نواز نے کی،کراچی یونائیٹڈ کی طرف سے کلاش، طالب ، فیاض، سرفاروق، یوسف، شاہد نے تقسیم انعامات کی تقریب میں بچوں کو انعامات دیکر ان کی کارگردگی کو سراہا۔فاتح ٹرافی ینگ مسلم اورنگی کی کپتان نصرا شاہد کو دی گئی،رنراپ ٹیم کراچی یونائیٹڈ اورنگی بلوکپتان گول کیپر سماء خان کو دی گئی۔ٹاپ اسکور کی ٹرافی فاتح ٹیم کی کپتان نصرا شاہد15 گول کے ساتھ ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہی۔ فیئرپلے ٹرافی رائٹ ٹو پلے کی بسمہ نے وصول کی۔ٹورنامنٹ کی بہترین ٹیم ابراہیم علی بوائز اسکول نمبرپانچ اورنگی کو قرار دیا گیا ۔
کیمونٹی گرلز فٹبال ٹورنامنٹ ینگ مسلم نے جیت لیا
Nov 12, 2017