کراچی ( اسپورٹس رپورٹر )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ (سی ڈبلیو آئی) کے درمیان دوطرفہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پانچ سالہ معاہدے پر دستخط ہوگئے جس کے مطابق ویسٹ انڈین ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کے لیے سالانہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہونے والے پانچ سالہ معاہدے کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ 'دونوں ٹیمیں سال میں دو ٹی ٹوئنٹی سیریز دونوں ممالک میں کھیلیں گی'۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ 'ویسٹ انڈیز کی ٹیم سیریز کے لیے پاکستان آئے گی جبکہ جوابی سیریز تاریخ اور میدانوں کی دستیابی کی صورت میں امریکا میں کھیلی جائے گی'۔ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے مطابق پہلی سیریز 29 مارچ 2018 سے یکم اپریل 2018 تک پاکستان میں کھیلی جائے گی تاہم کس شہر میں کھیلی جائے گی اس کا اعلان نہیں کیا گیا۔چیئرمین پی سی بی نے ویسٹ انڈیز کے ساتھ رواں ماہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے امکان کو لاہور میں خراب موسم کے باعث خارج ازامکان قرار دے دیا۔ان کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیمیں پاکستان میں سیریز کھیلیں گی جبکہ امریکا میں تیسری ٹیم بھی شریک ہوگی تاہم تیسری ٹیم کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔نجم سیٹھی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم نے ویسٹ انڈیز کے ساتھ فیوچر ٹور پروگرام کے تحت اگلے پانچ برسوں کے لیے دوطرفہ سیریز کا معاہدہ کیا ہے جس کا انتظام دسمبر یا جنوری میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے کروایا جائے گا'۔امریکا میں ہونے والی سیریز میں سالانہ نئی ٹیم کی شرکت کا اشارہ دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے ٹورنامنٹ کی میزبانی پی سی بی کرے گا تاہم امریکا میں ایک مشترکہ ایونٹ ہو گا۔