باباگورونانک کے 550ویں جنم دن کی تین روزہ تقریبات شروع

Nov 12, 2019

ننکانہ صاحب(نامہ نگار)سکھ مذہب کے بانی باباگورونانک کے 550ویں جنم دن کی تین روزہ تقریبات گذشتہ رات گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں اکھنڈپاٹھ کی رسم کے آغاز سے شروع ہو گئیں۔، تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت اور اندرون ملک سمیت دنیابھر سے ہندو اورسکھ یاتریوںکی آمد کا سلسلہ جاری ہے،گورودوارہ جنم استھان میں سکھ یاتری اکھنڈ پاٹھ ،شبد کیرتن ، اور دیگر مذہبی رسومات ادا کرنے میں مصروف ہیں، جنم دن کی تقریب کے موقع پر گوردوارہ جنم استھان کو قمقموں اور لائٹوں سے دلہن کی طرح سجادیا گیا ہے ،حکومت پاکستان کی ہدایت پر متروکہ وقف املاک بورڈ اور پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کی طرف سے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے سکھ یاتریوں کے قیام وطعام ،سیکیورٹی اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام انتظامات بہترین انداز میں مکمل کئے گئے ہیں دریں اثناء سکھ یاتریوں کی سہولت کے لئے گوردوارہ کے اندر بنک بوتھ اورفری ڈسپنسری بھی قائم کی گئی ہے ، ضلعی انتظامیہ نے سکھ یاتریوں کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر رکھے ہیں گورودوارہ میں داخل ہونے والوں کو واک تھرو گیٹ سے گزارا جارہا ہے اور انکے سامان کی سکینر مشین سے تلاشی لی جارہی ہے جنم دن کی تقریبات کے دوران گوردوارہ جنم استھان کی سی سی ٹی وی ،اور ڈرون کیمروں سے مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے آج 12نومبر کودوپہر بارہ بجے سکھ یاتری بابا گورونانک کے جنم دن کی خوشی میں گورودوارہ جنم استھان سے گورو گرنتھ کا جلوس ( نگر کیرتن )نکالیں گے جو روائتی راستوں سے ہوتا ہوا گورودوارہ کیارہ صاحب پہنچ کر اختتام پذیر ہوگااور اسی روزرات کو آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔

مزیدخبریں