دورہ نیوزی لینڈ کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان: سرفراز ان، عامر، شعیب، اسد شفیق آئوٹ

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے 35 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ سکواڈ میں شامل کھلاڑی قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہینز دونوں کے لیے دستیاب ہوں گے۔ قومی سکواڈ 23 نومبر کو نیوزی لینڈ روانہ ہوگا۔ محمد عامر، شعیب ملک، اسد شفیق کو دورہ نیوزی لینڈ کے لیے زیر غور نہیں لایا گیا ہے جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان بلے باز ذیشان ملک، آلراؤنڈردانش عزیز، بیٹسمین عمران بٹ، اور آلراؤنڈر عماد بٹ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے اعلان کردہ سکواڈ کا حصہ ہیں۔ متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عثمان قادراور عبداللہ شفیق کے علاوہ زمبابوے کے خلاف قومی سکواڈ میں شامل وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر کو دورہ نیوزی لینڈ کے لیے بھی قومی سکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔ اعلان کردہ سکواڈ میں بابراعظم (کپتان)،محمد رضوان (نائب کپتان ٹیسٹ کرکٹ)، شاداب خان (نائب کپتان ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل)، اظہر علی، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، محمد حفیظ، فواد عالم، عابد علی، عبداللہ شفیق، فخر زمان، امام الحق، شان مسعود، ذیشان ملک، دانش عزیز، حیدر علی، حارث سہیل، حسین طلعت، عمران بٹ، افتخار احمد، خوشدل شاہ، روحیل نذیر (وکٹ کیپر)، عماد وسیم، یاسر شاہ، عثمان قادر، ظفر گوہر، عماد بٹ، فہیم اشرف، حارث رؤف، محمد عباس، محمد حسنین، محمد موسیٰ، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، سہیل خان اور وہاب ریاض شامل ہیں۔ پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ہیڈکوچز، جونیئر کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد اورہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئرز ڈویلپمنٹ ثقلین مشتاق سے مشاورت کے بعد سکواڈ کو حتمی شکل دی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ کوویڈ 19 کے باعث ہمیں نیوزی لینڈ میں 14 روزہ قرنطینہ کی مدت پوری کرنی ہے، دورہ نیوزی لینڈ کیلئے ہم نے دو مختلف ٹیموں پر مشتمل ایک مکمل سکواڈ تشکیل دیا ہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن میں شامل نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز ہمارے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں، امید ہے کہ قومی کھلاڑی عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔ چیف سلیکٹر نے کہا کہ وہ عماد بٹ، دانش عزیز، عمران بٹ اور روحیل نذیر جیسے نوجوان کھلاڑیوں کو دورہ نیوزی لینڈ کے لئے سکواڈ میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، ان کھلاڑیوں کی قابلیت اور تکنیکی صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کھلاڑی قومی کرکٹ ٹیم کی بینچ اسٹرینتھ ہیں اور انہیں اسی لیے دیگر چند کھلاڑیوں کی طرح خصوصی طور پر پاکستان شاہینز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ اسد شفیق کو غیرتسلی بخش بیٹنگ فارم کے باعث اسکواڈ سے ڈراپ کیا گیا ہے، وہ اپنی آخری 15 اننگز میں 510 رنز ہی بناسکے ہیں، جس میں سے دورہ انگلینڈ پر صرف 67 رنز بنائے گئے۔ چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ نے کہا کہ اسد شفیق ایک تجربہ کار بلے باز ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرکے سرفراز احمد کی طرح اپنی کھوئی ہوئی فارم واپس حاصل کرسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے شعیب ملک اور محمد عامر کی جگہ نوجوان کھلاڑیوں کو سکواڈ میں شامل کیا ہے،یہ فیصلہ ہم نے آئندہ چند سالوں میں پانچ بڑے ایونٹس پر مبنی شیڈول کو سامنے رکھ کر کیا ہے جبکہ محمد حفیظ اور وہاب ریاض کو اسکواڈ میں برقرار رکھنے کی وجہ ان کی کارکردگی میں تسلسل ہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ ملک بھر میں جاری ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 21-2020 میں تین سپنرز، نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، بدقسمتی سے ہمیں دورہ نیوزی لینڈ کے لیے 12 اکتوبر تک 45 ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست بھجوانا تھی تاہم ان تینوں کھلاڑیوں کی کارکردگی سے ہمارے سپن ڈیپارٹمنٹ کے پول کو مزید وسعت ملی ہے، جس کا فائدہ ہمیں آئندہ سیریز میں ضرور ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن