اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) ممتاز ادیب، دانشورمسعود مفتی کے انتقال پرادارہ فروغ قومی زبان کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر راشد حمید نے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اردو ادب کی دنیا کا ایک معتبر نام تھے۔ ادبی دنیا میں ان کی وفات سے ایک بہت بڑا خلاء پیدا ہو گیا ہے۔ ان کی علمی نگارشات محققین اور صاحبان علم و دانش کے لیے ایک سرمائے کی حیثیت رکھیں گی۔انھوں نے کہا کہ ان کی تحریروں میں وطن اوراپنی تہذیب سے محبت کی خوشبو آتی تھی۔ مسعود مفتی کواسلام آباد کے ایچ ۔۸ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ ان کی نماز جنازہ میں افتخار عارف، ڈاکٹر راشد حمید، جلیل عالی، محمد حمید شاہد، محبوب بگٹی ، تجمل شاہ سمیت جڑواں شہروں کے شاعروں، ادیبوں، لکھاریوں اور ادبی تنظیموں کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ڈاکٹر راشد حمید نے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی۔
مسعود مفتی اردو ادب کی دنیا کا ایک معتبر نام تھے،ڈاکٹر راشد حمید
Nov 12, 2020