لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت ٹرانسپورٹ سے متعلق خصوصی اجلاس میں عثمان بزدار نے گرین الیکٹرک بسیں چلانے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ الیکٹرک بسیں چلانے کے لیے ضروری امور جلد طے کئے جائیں۔ اجلاس میں الیکٹرک بسوں کی خریداری کے لئے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔ لاہور میں 103 کلومیٹر طویل 6 روٹس پر الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت دیگر شہروں میں بھی الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ ہر وہ کام کریں گے جس کا فائدہ عوام کو ہوگا۔ سموگ کے سدباب کیلئے وہیکلز انسپکشن سرٹیفکیشن سسٹم فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کو پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی میں بدل دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب میں ٹرانسپورٹ انسپکٹرز، سب انسپکٹر زاور سارجنٹس کی بھرتی کی بھی اصولی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے روٹ اورسٹیشنزپر صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین اور سٹیشنز پر صفائی کے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا اور میں سرپرائز وزٹ کرکے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے روٹ پرصفائی کے انتظامات کا خود جائزہ لوں گا۔ کوہ سلیمان کے علاقوں میں پہلی مرتبہ پبلک ٹرانسپورٹ چلائی جائے گی۔ کوٹ چھٹہ، وہوا، ٹبی قیصرانی، تونسہ اور ڈیرہ غازیخان میں کم کرائے میں بہترین ٹرانسپورٹ فراہم کریں گے۔ فیصل آباد اور دیگر ڈویڑن میں جدید ترین بسیں چلائی جائیں گی۔ سردار عثمان بزدار سے رکن پنجاب اسمبلی سید یاور عباس بخاری نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے کرپشن کیخلاف علم بلند کیا ہے۔ ملکی وسائل کو بے دردی سے لوٹنے والے عناصر کا احتساب ضروری ہے۔ عمران خان کی قیادت میں حکومت نے کرپشن کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے۔ حکومتی امور میں شفافیت اور کرپشن کے خاتمے کیلئے اقدامات کے باعث عالمی سطح پر ملک کا امیج بہتر ہوا ہے۔ پاکستان میں کرپشن میں کمی اور شفافیت میں اضافہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا کریڈٹ ہے۔ سابق ادوار میں کرپشن اور لوٹ مار کے ذریعے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا۔ کرپٹ عناصر نے ذاتی تجوریاں بھریں اور ملک کو کنگال کیا۔ پاکستان کے پیچھے رہنے کی وجہ کرپشن اور سابق حکمرانوں کی نااہلیاں ہیں۔ قائداعظمؒ کے پاکستان کو بدحال کرنیوالوں کے ذاتی بینک بیلنس بڑھے لیکن ملک آگے نہ بڑھ سکا۔ ماضی کی حکومتوں نے عام آدمی کے مسائل سے پہلوتہی کرکے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا۔ہمارا ایجنڈا شفاف پاکستان ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کرونا کی دوسری لہرپر قابوپانے کیلئے ایس او پیز پر عمل کرنا شہریوں کے مفاد میں ہے۔ ایس او پیزکی خلاف ورزی کے باعث مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔