مہنگائی حکومت کی غریب دشمنی کا کھلا ثبوت ہے: فضل الرحمن

Nov 12, 2020

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء  اسلام کی مر کزی مجلس شوریٰ نے عام انتخابات کے بعد سے اب تک مولانا فضل الرحمن اور مرکزی مجلس عاملہ کے فیصلوں کی توثیق کرتے ہوئے مولا نا فضل الرحمن کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ عوام مہنگائی، بے روزگاری سے تنگ آچکے ہیں۔ مسلسل مہنگائی کا سیلاب نام نہاد حکومت کی غریب عوام دشمنی کا کھلا ثبوت ہے۔ ملک اس وقت بہت سے بحرانوں کا شکار ہے جس کا حل حکمرانوں کے پاس نہیں ہے۔ مہنگائی نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ حکمران غربت کی بجائے غریب ختم کر نے کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ مولانا محمد امجد خان اور محمد اسلم غوری کے مطابق پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمن کی صدارت میں مر کزی سب آفس اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں ملکی سیاسی و بین الاقوامی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ مو لانا عبدالغفور حیدری نے شرکاء  اجلاس کو ایجنڈے سے آگاہ کیا۔ جبکہ مولانا فضل الرحمن نے پی ڈی ایم کے اب تک ہونے والے فیصلوں پر مجلس شوریٰ کو بریفنگ دی۔ اب مرکزی جنرل کونسل کا اجلا س 14 اور 15دسمبر کو لاہور میں ہوگا۔ علاوہ ازیں مولانا فضل الرحمن نے محمد اسلم غوری کو مرکزی شعبہ اطلاعات کا انچارج مقرر کردیا ہے۔

مزیدخبریں