لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد (نامہ نگار خصوصی، خصوصی نامہ نگار، نامہ نگاران، آن لائن) فرانس کے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف مغلپورہ چوک لاہور میں تحفظ ناموس رسالت کی جانب سے احتجاج زیر قیادت صاحبزادہ پیر اعجاز اشرفی مرکزی سینئر رہنما و رکن شوری تحریک لبیک یارسول اللہ کیا گیا۔ احتجاج کے شرکا سے پیر اعجاز اشرفی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرانس کے صدر نے عالمی دہشت گردی کی ہے۔ فرانس کے خلاف حکمران جہاد کا اعلان کریں۔ مولانا شفقت جمیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم فرانس کے سفارتخانے کے بند ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ شرکاء احتجاج نے ہاتھوں میں پوسٹر اٹھائے تھے۔ اس موقع پر مغلپورہ چوک لبیک یارسول اللہ کے نعروں سے گونج اٹھا۔ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر اور لاثانی ویلفیئر فائونڈیشن کے چیئرمین صوفی مسعود احمد صدیقی اور صاحبزادہ پیر شبیر احمد صدیقی نے کی۔ مظاہرے میں عاشقان رسولؐ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ پیر شبیر احمد صدیقی نے کہاکہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت سے امت مسلمہ کو ٹھیس پہنچی ہے۔ اس ناپاک جسارت کی روک تھام کیلئے عالمی برادری مستقل ٹھوس حکمت عملی اپنائے۔ مظاہرے میں پیر الطاف حسین نقشبندی ، پیر محمد جنید احمد نقشبندی، پیر سید احمد ندیم شاہ ، پیر سید عدنان اکرم ، پیر رفاقت علی، پیر افتخار احمد، پیر لیاقت علی نقشبندی، پیر حسنین حالی، محمد احسان خان نقشبندی، محمد ریحان نقشبندی اور لاثانی ویلفیئر فائونڈیشن کے کمیونٹی ورکرز سمیت دیگر علماء و مشائخ عظام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع سیالکوٹ نے چوک علامہ اقبال میں گستاخانہ خاکوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت ضلعی ناظمہ جماعت اسلامی خواتین ونگ طیبہ ارشد نے کی۔ ناظمہ طیبہ ارشد نے کہا کہ رسول کریم ؐ کی ذات اقدس پر اپنا سب کچھ نچھاور کرنے کو تیار ہیں۔ جماعت اسلامی ضلع سیالکوٹ میاں آصف اقبال نے کہا کہ رسول اکرمؐ سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ دوسری جانب ہیومین ویلفیئر آرگنائزیشن پا کستان کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی چیئرمین ایچ ڈبلیو او شہزاد اکبر بٹ کی قیادت میں نکالی گئی جس میں بہت بڑی تعداد میں ایچ ڈبلیو او کے کارکنان شریک ہوئے۔ ریلی کے شرکاء سے چیئرمین ایچ ڈبلیو او شہزاد اکبر بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان نبی پاکؐ کی شان اقدس میں گستاخی برداشت نہیں کر سکتا۔ فیصل آباد میں سینکڑوںریلوے ملازمین نے ریلوے سٹیشن پر پریم یونین کے مرکزی سنیئر نائب صدر شیخ محمد انور، جماعت اسلامی کے امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ، خالد محمود چوہدری، حشام الاحسان، میاں طاہر ایوب، مولانا فیض الرحمن کی قیادت میں ریلوے سٹیشن پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے فرانس کے صدر کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فرانس سے سفارتی تعلقات ختم کئے جائیں ۔