لان ڑو(شِنہوا)شمال مغربی چین کے صوبہ گانسو نے 2012سے2019 کے دوران 55لاکھ افراد کو غربت سے نکالا اور غربت کے خاتمہ میں فیصلہ کن فتح حاصل کی۔صوبہ کے گورنر ٹانگ رین جیان نے صوبائی صدرمقام لان ڑو میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ صوبہ نے اسی عرصہ کے دوران غربت کی فہرست میں شامل 75کانٹیز میں سے 67کو نکال دیا۔گانسو قدیم شاہراہ ریشم اور بیلٹ اینڈ روڈ کے ساتھ ایک نقل وحمل کا مرکز ہے اور چین کا دوردراز اندرونی خطہ ہے۔گانسو میں سخت قدرتی ماحول، بنیادی ڈھانچے کی ناکافی سہولیات اور کمزور صنعتی بنیاد نے اس کی ترقی میں رکاوٹیں ڈالی ہیں اور اسے غربت کے خاتمے میں بہت بھاری بوجھ والے صوبوں میں سے ایک بنادیا ہے۔2012تک گانسو میں تقریبا60 لاکھ افراد خط غربت سے نیچے تھے جوکہ صوبہ کی دیہی آبادی کا تقریبا 40 فیصد تھے۔گانسو نے غربت کے خاتمہ کیلئے گزشتہ 7سالوں کے دوران بہت زیادہ کوششیں کی ہیں جس میں غریب علاقوں کے لوگوں کو مفت تعلیم، طبی دیکھ بھال، نئے گھر اور صاف پانی کی پیشکش کی گئی۔