صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزارت تعلیم ، انسداد منشیات فورس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن تعلیمی اداروں میں خصوصی طلبا کی فلاح و بہبود اور سہولت کیلئے اقدامات کرے، خصوصی طلبا کو ٹیوشن فیس میں چھوٹ، تعلیمی اداروں میں آمدورفت کی خصوصی سہولت اور عمر کی حد میں نرمی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کمیٹی برائے انسدادِ منشیات اور بہبودِ خصوصی طلبا کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، وزیر انسدادِ منشیات محمد اعظم خان سواتی ، وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری ، چئیرمین ایچ ای سی اور مختلف وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں تعلیمی اداروں سے منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن مارچ 2021 تک ملکی جامعات میں منشیات کی روک تھام کیلئے ڈرگ پالیسی مرتب کرے ، طلبہ کو منشیات کی لعنت سے بچایا جائے اور انہیں صحت مند تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے۔ اجلاس میں جامعات کے وائس چانسلرز نے منشیات کے استعمال پر قابو پانے کے لئے ویڈیو لنک کے ذریعے تجاویز دی۔ صدر مملکت نے کہا کہ سوشل ورکرز ، میڈیا ، این جی اوز اور سول سوسائٹی کی مدد سے نوجوانوں میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں وزارتِ تعلیم، انسدادِ منشیات فورس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین قریبی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ایچ ای سی تعلیمی اداروں میں خصوصی طلبا کی فلاح و بہبود اور سہولت کے لئے اقدامات کرے، خصوصی طلباکو ٹیوشن فیس میں چھوٹ، تعلیمی اداروں میں نقل و حمل کی خصوصی سہولت اور عمر کی حد میں نرمی دی جائے۔