لاہور(کامرس رپورٹر )حکومتی اداروں اور کارپوریشنوں نے نئے قرضے لینے میں حکومت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا سوا دو سال میں قرضے 62 فیصد بڑھ گئے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق ستمبر 2020 کے اختتام تک سرکاری اداروں اور کارپوریشنوں کے قرضوں کا مجموعی حجم 22 کھرب 70 ارب روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ 27 ماہ میں سرکاری اداروں اور کارپوریشنوں نے مجموعی طور پر 877 ارب روپے کے نئے قرضے لیے۔ جون 2018 کے اختتام پر ان کے قرضوں کا حجم 13 کھرب 93 ارب روپے تھا۔ ستائیس ماہ کے دوران ان اداروں کے اندرونی قرضے 410 ارب 40 کروڑ روپے کے اضافے سے 14 کھرب 78 ارب 60 کروڑ روپے اور بیرونی قرضے 466 ارب 70 کروڑ روپے کے اضافے سے 7 کھرب 91 ارب 30 کروڑ روپے ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق اس دوران بڑی کارپوریشنوں کے قرضوں میں تو اضافہ نہیں ہوا لیکن نسبتا چھوٹے ادارون اور کارپوریشنوں نے قرض کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔۔چار بڑے اداروں واپڈا، پی آئی اے، پاکستان سٹیل اور او جی ڈی سی کے مجموعی اندرونی قرضوں میں اس دوران اضافے کی بجائے 65 ارب روپے کی کمی رکارڈ کی گئی لیکن دوسرے حکومتی ادارون اور کارپوریشنوں نے مجموعی طور پر 475 ارب روپے کے نئے قرضے لے لیے ہیں۔
حکومتی اداروں اور کارپوریشنوں کے نئے قرضے سوا دو سال میں62 فیصد بڑھ گئے۔
Nov 12, 2020 | 21:25