اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں تجارت، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی تعاون پر پاکستان روس بین الحکومتی کمیشن کے آئندہ اجلاس کے ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ پاک روس آئی جی سی کا 7واں اجلاس 24 تا 26 نومبر 2021 کو روس کے یکاترنبرگ میں منعقد ہوگا۔اجلاس میں وزارت خارجہ، وزارت تجارت، وزارت توانائی، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن، وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میںاسلام آباد میں ہونے والے 6ویں آئی جی سی اجلاس کے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اقتصادی امور کے وزیر نے روسی فیڈریشن کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے پر زور دیا کیونکہ دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ شرکاء نے تجارت، کسٹم، توانائی، صنعت، زراعت، تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی، ٹرانسپورٹ اور انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی سمیت روس کے ساتھ تعاون کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے نجی شعبے کا کردار نمایاں ہے۔وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ آئی جی سی کے آئندہ اجلاس کے دوران پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے لیے انتہائی تعمیری اور مثبت بات چیت ہوگی۔ وزیر نے ترجیحات کی نشاندہی کرنے اور جامع تجاویز تیار کرنے کی ہدایت دی جس میں دائرہ کار، ایکشن پلان، آؤٹ پٹ اور نتائج کے ساتھ ٹائم لائن بھی شامل ہے۔ وزیر نے کہا کہ خطے میں سماجی و اقتصادی تعلقات کو بڑھانے کے لیے علاقائی انضمام بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ علاقائی رابطہ کر سکتے ہیں۔
آئی جی سی اجلاس میں پاک روس تعلقات بڑھانے کیلئے مثبت بات چیت ہوگی،عمر ایوب
Nov 12, 2021